پاکستان کا دورہ آسٹریلیا: پہلا ٹی ٹوئنٹی بارش کی نذر

کپتان بابر اعظم نے اتوار کو آگے بڑھ کر ٹیم کی قیادت کی اور 38 بالوں پر 59 رنز بنائے جن میں پانچ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

بابر اعظم اور محمد رضوان اتوار کو سڈنی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں رن لیتے ہوئے (اے ایف پی)

اتوار کو سڈنی میں کھیلا جانے والا پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔

پاکستان نے پہلے کھیل کر 15 اوورز میں  پانچ وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنائے، تاہم بارش کی وجہ سے میچ روکنا پڑا۔

اس کے بعد ڈک ورتھ لوئس سٹرن میتھڈ کے تحت آسٹریلیا کو میچ جیتنے کے لیے 119 کا ٹارگٹ دیا گیا۔

آسٹریلیا کی اننگز میں کپتان ایرن فنچ نے پہلے ہی تین اوورز میں 37 رنز بنا ڈالے اور ٹیم کو جیت کی جانب گامزن کر دیا۔

کریز پر موجود اوپنرز کپتان فنچ اور ڈیوڈ وارنر کے درمیان 41 رنز کی شراکت ہو چکی تھی کہ بارش کے واپس آ جانے کے باعث میچ کو ختم کرنا پڑا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستانی ٹیم کے کپتان اور دنیا کے ٹاپ ٹی ٹوئنٹی بیٹسمین بابر اعظم نے جارحانہ کھیل کھیلے ہوئے پاکستان کی اننگز میں 38 بالوں پر 59 رنز بنائے۔

پاکستانی ٹیم ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اول ہے تاہم گذشتہ ماہ اسے ہوم گراؤنڈ میں سری لنکا کے ساتھ سیریز میں 0-3 سے شکست کی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔

اس شکست کے بعد ایک نئی شروعات کے لیے سرفراز احمد کو ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا ہے اور کچھ کھلارٹیوں کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ 

نئے کپتان 25 سالہ بابر اعظم نے اتوار کو آگے بڑھ کر ٹیم کی قیادت کی اور 38 بالوں پر 59 رنز بنائے جن میں پانچ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

میچ  کے شروع ہی میں پاکستان کو ایک بڑا دھچکہ لگا جب فخر زمان مچل سٹارک کی پہلی ہی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے کچھ دیر بعد ہی کریز پر آنے والے حارث سہیل کین رچرڈسن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان دو ہی اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر 10 رنز کی مشکل صورت حال میں آ گیا، تاہم بابر اعظم اور محمد رضوان نے  کرز سنبھالی اور اہم پارٹنرشپ قائم کی۔

دو وکٹوں کے نقصان پر 64 سکور پر رضوان کیچ آؤٹ ہوگئے۔ بارش کی وجہ سے بریک کے بعد جب 13 ویں اوور میں میچ دوبارہ شروع ہوا تو آصف علی 11 رنز پر آؤٹ ہوئے اور پھر عماد وسیم صفر پر۔

سڈنی کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز کا اگلا میچ کینبرا میں منگل کو کھیلا جائے گا اور آخری میچ پرتھ میں، جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچ ہوں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ