ذاتی مفادات پر مبنی سیاسی ایجنڈا مسترد کرنا ناگزیر: فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ انڈیا کی سرپرستی میں سرگرم عناصر بدستور بلوچستان میں تشدد پھیلانے اور ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بدھ کو بلوچستان پر نیشنل ورک شاپ سے خطاب میں کہا ہے کہ صوبے کی خوشحالی کے لیے ذاتی مفادات پر مبنی سیاسی ایجنڈے کو مسترد کرنا ناگزیر ہے۔

راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں بدھ کو فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان پر ہونے والی 18ویں نیشنل ورکشاپ کے شرکا سے ملاقات کی اور خطاب بھی کیا۔

ورکشاپ کا مقصد بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی اور پاکستان کے لیے اس کی سٹریٹجک اہمیت پر غور کرنا تھا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے طابق فیلڈ مارشل اور چیف آف ڈیفینس فورسز سید عاصم منیر نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے شروع کیے گئے وسیع البنیاد اقدامات کو سراہا اور عوام پر مرکوز حکمتِ عملی پر زور دیا۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ اس حکمت عملی کا مقصد ’صوبے کے سماجی و معاشی حالات میں بہتری لانا اور عوام کے فائدے کے لیے اس کی وسیع معاشی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہے۔‘

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ذاتی مفادات پر مبنی سیاسی ایجنڈوں کو مسترد کرنا ناگزیر ہے تاکہ بلوچستان کا مستقبل تمام باشندوں کے لیے خوشحالی کی بنیاد پر تشکیل پا سکے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سکیورٹی چیلنجز کو اجاگر کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ انڈیا کی سرپرستی میں سرگرم عناصر بدستور بلوچستان میں تشدد پھیلانے اور ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سکیورٹی فورسز کی سخت کارروائیوں کے ذریعے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا اور صوبے کو ’دہشت گردی اور بدامنی‘ سے پاک کیا جائے گا۔

فیلڈ مارشل نے اپنے خطاب میں سول سوسائٹی کے تعمیری کردار کو تسلیم کیا اور پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے ، پائیدار ترقی کے فروغ میں ان کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا۔

علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس امر پر بھی زور دیا کہ پاکستان کی علاقائی سالمیت کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی، خواہ وہ براہِ راست ہو یا بالواسطہ، کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان