دہشت گردی پاکستان کا نہیں ہندوستان کا وطیرہ ہے: فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’دہشت گردی پاکستان کا نہیں ہندوستان کا وطیرہ ہے۔ ہم دشمن کو چھپ کے نہیں للکار کر مارتے ہیں۔‘

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بدھ کو اسلام آباد میں قومی علما مشائخ کانفرنس سے خطاب کیا (وزارت اطلاعات)

پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بدھ کو اسلام آباد میں قومی علما مشائخ کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ ’دہشت گردی پاکستان کا نہیں ہندوستان کا وطیرہ ہے‘۔

اسلام آباد میں بدھ کو قومی علما مشائخ کانفرنس ہوئی جس سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے علاوہ وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی خطاب کیا۔

قومی علما مشائخ کانفرنس میں ڈپٹی وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور دیگر حکومتی عہدیداروں سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علما نے شرکت کی۔

کانفرنس سے پہلے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے علما پر زور دیا کہ وہ فرقہ واریت کے خاتمے، اتحاد و یکجہتی کے فروغ اور تمام مکاتبِ فکر میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے فعال کردار ادا کریں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں پائیدار اقتصادی ترقی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک ملک سے دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کا مکمل خاتمہ نہ کر دیا جائے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’خوارج کے پیروکار بے گناہ شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’دہشت گردی پاکستان کا نہیں ہندوستان کا وطیرہ ہے۔ ہم دشمن کو چھپ کے نہیں للکار کر مارتے ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ ’اسلامی ریاست میں ریاست کے علاوہ کوئی جہاد کا حکم نہیں دے سکتا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ریاستِ طیبہ اور ریاستِ پاکستان کا آپس میں ایک گہرا تعلق ہے۔‘

ساتھ ہی انہوں نے حال ہی میں سعودی عرب سے ہونے والے معاہدے کو ’تاریخی معاہدہ‘ قراد دیتے ہوئے کہا کہ ’اللہ تعالیٰ نے تمام مسلم ممالک میں سے محافظینِ حرمین کا شرف پاکستان کو عطا کیا۔‘

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کانفرنس سے خطاب میں معیشت پر بھی بات کی اور کہا کہ ’پاکستان اس مرحلے تک پہنچ چکا ہے جہاں سے معیشت تیزی سے ترقی کی جانب بڑھنے کو ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت نے ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکالنے کے لیے دن رات محنت کی۔

وزیراعظم کے مطابق قومی اتحاد ہی وہ بنیاد ہے جس کے ذریعے ملک کو درپیش تمام چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے اور دیرپا استحکام اور ترقی حاصل کی جا سکتی ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان