پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ہفتے کو کہا ہے کہ فوج کی توجہ اندرونی اور بیرونی دونوں چیلنجز سے نمٹنے پر پوری طرح مرکوز ہے، جن میں دشمنی پر مبنی ہائبرڈ مہمات، انتہاپسند نظریات اور تقسیم کرنے والے عناصر شامل ہیں، جن کا مقصد قومی استحکام کو کمزور کرنا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کی چھاؤنیوں کا دورہ کیا۔ اس موقعے پر انہیں فارمیشن کی آپریشنل تیاری اور جنگی صلاحیت مضبوط بنانے کے لیے اہم اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل نے فیلڈ تربیتی مشق اور جدید سمیولیٹر ٹریننگ سہولت کا مشاہدہ کیا اور فارمیشن کے بلند پیشہ ورانہ معیار اور مجموعی تیاری کو سراہا۔
اس موقعے پر ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جدید جنگی تقاضے مستعدی، درستی، حالات سے آگاہی اور تیزی سے فیصلوں کے متقاضی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افسران اور جوانوں سے گفتگو کے دوران چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے ان کے بلند حوصلے اور قومی سلامتی کے لیے بھرپور عزم کو سراہا اور سخت اور مشن پر مبنی تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔