افغان فوجی وردی میں ملبوس شخص کی فائرنگ: دو امریکی فوجی ہلاک

افغانستان میں افغان فوجی نے مشین گن سے فائرنگ کر کے دو امریکی فوجیوں کو ہلاک اور چھ کو زخمی کر دیا ہے۔

امریکی فوج کی جانب سے اس واقعے کی تصدیق کی گئی ہے(اے ایف پی)

افغانستان میں افغان فوجی نے مشین گن سے فائرنگ کر کے دو امریکی فوجیوں کو ہلاک اور چھ کو زخمی کر دیا ہے۔

امریکی فوج کی جانب سے اتوار کو اس واقعے کی تصدیق کی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 18 سالہ جنگ کے دوران امریکی فوجیوں کی ہلاکتیں ایک نازک موقعے پر ہوئی ہیں جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکی فوجیوں کی واپسی اور ملکی تاریخ کی طویل تر جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

فائرنگ کا واقعہ ہفتے کو رات گئے صوبہ ننگرہار میں ضلع شہرزاد کے فوجی اڈے پر پیش آیا۔ افغانستان میں امریکی فوج کے ترجمان سونی لیگیٹ نے ایک بیان میں کہا: ’حالیہ رپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ افغان فوجی وردی میں ملبوس ایک شخص نے امریکہ اور افغانستان کی مشترکہ فورس پر مشین گن کے ساتھ فائرنگ کی۔‘

افغان وزارت دفاع نے کہا ہے کہ فائرنگ سے ایک افغان فوجی مارا گیا اور تین مقامی سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔ وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور امریکہ کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزارت دفاع نے مزید کہا کہ اس طرح کے واقعات افغان اور امریکی فوج کے درمیان دوستی اور تعاون کی روح پر منفی اثرات مرتب نہیں کر سکتے۔

صوبہ ننگرہار کے گورنر شاہ محمود میاخیل نے اس سے پہلے کہا تھا کہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ باہر سے آنے والے کسی شخص نے ارادے کے ساتھ گولیاں چلائیں یا یہ ایک حادثہ تھا۔ انہوں نے وضاحت کی ہے کہ فورسز کے درمیان جھڑپ نہیں تھی۔ ’ہم واقعے کی چھان بین کر رہے ہیں‘۔

شہرزاد کے رہائشی نجیب اللہ کے مطابق ہفتے کی رات ایک افغان فوجی اڈے کے اندر فائرنگ کی آواز سنائی دیں جس کے بعد زخمی ہونے والے فوجیوں کو ہیلی کاپٹروں کی مدد سے نکالا گیا۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اے ایف پی کو بھیجے گئے ایک پیغام میں واقعے پر تبصرے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حملے کی ’تحقیقات‘ کر رہے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا