بھارت میں خفیہ طور پر نماز جمعہ ادا کرنے والے 30 مسلمان گرفتار

بھارتی ٹی وی چینل 'نیوز 18' کے مطابق یہ واقعہ بھوپال کے علاقے اسلام پورہ میں پیش آیا جب کہ لاک ڈاؤن کے دوران ملک بھر مذہبی اجتماعات پر پابندی عائد تھی۔

(فائل فوٹو: اے ایف پی)

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے درالحکومت بھوپال میں پولیس نے ایک مکان کی چھت پر جمعے کی نماز ادا کرنے والے 30 مسلمانوں کو گرفتار کر کے ان پر مقدمہ دائر کر دیا۔

بھارتی ٹی وی چینل 'نیوز 18' کے مطابق یہ واقعہ بھوپال کے علاقے اسلام پورہ میں پیش آیا جب کہ لاک ڈاؤن کے دوران ملک بھر مذہبی اجتماعات پر پابندی عائد تھی۔

بھارتی حکام کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں لاک ڈاؤن کے باوجود اضافہ جاری ہے۔

مرکزی وزارت صحت نے اعلان کیا کہ بھارت میں اب تک کرونا سے متاثرہ افراد  کی مجموعی تعداد 724 ہوگئی ہے جب کہ 17 لوگ اس وبا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دوسری جانب خوف و ہراس کے شکار بھارتی شہری معمولی علامات ظاہر ہونے پر دھڑا دھڑ ہسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق عوام کی جانب سے کالز اور میسجز کے طوفان کے بعد حکومت کی جانب سے کرونا ہیلپ لائنز اور ہنگامی کال سنٹرز کو عام فلو اور کرونا کیسز کو الگ کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔  

مرکزی محکمہ صحت کے حکام نے جمعے کو بھارت بھر کے شہری مراکز میں کرونا وائرس کال سنٹرز قائم کیے۔ اس دوران فلو، کھانسی اور بخار جیسی علامتوں میں مبتلا ہزاروں افراد ہسپتالوں پر ٹوٹ پڑے اور اس دوران عوام کے سیلاب کو روکنے کی کوشش میں ہاتھا پائی کے کئی واقعات پیش آئے۔

یہ ہزاروں افراد کرونا ٹیسٹ کا مطالبہ کر رہے تھے۔

انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے مطابق جمعے تک صحت کے حکام نے 26،798 افراد میں سے 691 مثبت کیسز کی جانچ کی ہے۔

 

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا