اپنے شو میں جان بوجھ کر تنازعات کھڑے نہیں کرتا: احسن خان

انڈپینڈنٹ اردو کو دیے گئے انٹرویو میں احسن خان کا کہنا تھا کہ اگر شو کی ریکارڈنگ کے بعد انہیں کوئی یہ کہے کہ فلاں بات نکال دیں یا یہ جملہ مت چلائیے گا تو وہ اس پر غور کرتے ہیں اور عموماً بات مان بھی لی جاتی ہے۔

احسن خان پاکستان کی ڈراما صنعت کا ایک معروف نام ہیں، جو گذشتہ کئی سالوں سے متعدد مقبول ڈراموں میں درجنوں یادگار کردار کرچکے ہیں۔ خصوصاً ان کے ڈرامے 'اڈاری' کو بہترین ڈرامے کے کئی ایوارڈز بھی ملے اور ملکی اور عالمی سطح پر بھی اسے بہت سراہا گیا۔

ان دنوں احسن خان نے ایک نجی ٹی وی چینل پر رات کا پروگرام کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جہاں وہ شوبز کے ستاروں سے دلچسپ اور ہلکی پھلکی گفتگو کرتے ہیں اور کبھی کبھی اس میں بے باک انداز بھی جھلکتا ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو نے احسن خان سے ان کے پروگرام کے سیٹ پر ملاقات کی اور پوچھا کہ اداکاری کرتے کرتے میزبانی کا خیال کیسے آیا؟

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

احسن نے بتایا کہ وہ گذشتہ پانچ سال سے رمضان کی خصوصی نشریات کی میزبانی کر رہے ہیں جس میں کئی کئی گھنٹے کی براہِ راست نشریات ہوتی ہیں، اس لیے جب انہیں شوبز کی شخصیات کے ساتھ یہ رات کا پروگرام ملا تو انہوں نے اسے آزمانے کا فیصلہ کیا اور قسمت اچھی تھی کہ لوگوں کو پسند آیا۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح وہ اداکاری میں مختلف کردار کرتے رہتے ہیں اسی طرح میزبانی کا تجربہ بھی ان کے لیے خوشگوار ثابت ہوا ہے۔

لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ احسن خان کے تقریباً ہر پروگرام سے شوبز کی دنیا میں کوئی نہ کوئی تنازع جنم لیتا ہے۔ کیا وہ اس کے لیے کوئی خاص تیاری یا کوشش کرتے ہیں؟ اس سوال کے جواب میں احسن خان کا کہنا تھا کہ وہ کوشش ہی نہیں کرتے کیونکہ جب بھی کوئی بات مصنوعی طور پر بنائی جاتی ہے تو اس کا اثر وہ نہیں ہوتا جو فطری طور پر ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس صنعت میں زیادہ تر افراد ان کے دوست ہی۔ 'مجھے معلوم ہے کہ کس سے، کس حد تک اور کتنی بات کرنی ہے کیونکہ ہماری برادری تو ایک ہی ہے تو اسی بے تکلفی میں اچھی اچھی باتیں ہوجاتی ہیں۔'

احسن خان نے بتایا کہ اگر شو کی ریکارڈنگ کے بعد انہیں کوئی یہ کہے کہ فلاں بات نکال دیں یا یہ جملہ مت چلائیے گا تو وہ اس پر غور کرتے ہیں اور عموماً بات مان بھی لی جاتی ہے۔

تنازعات کیا کیا ہوئے؟

ایک مرتبہ فیشن ماڈل صدف کنول نے احسن خان کے شو میں اداکارہ منشاپاشا کے بارے میں کہا تھا کہ انہیں شوبز کی دنیا میں ہونا ہی نہیں چاہیے۔

 اس بارے میں احسن نے کہا کہ وہ صدف کی ذاتی رائے ہے جو ان کے خیال میں ہلکے پھلکے انداز میں ان کے منہ سے نکل گئی اور بعد میں وہ سوشل میڈیا پر پھیل گئی۔ بقول احسن ان کی اپنی رائے میں منشا پاشا ایک بہت ہی اچھی اداکارہ ہیں۔

جب احسن خان سے یہ پوچھا گیا کہ انہوں نے اب تک منشا پاشا کو اپنے شو پر کیوں نہیں بلایا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ منشا پاشا اور جبران ناصر دونوں کو اپنے شو پر بلائیں اور امید ہے جلد ہی ایسا ہوگا۔

احسن کے ایک دوسرے پروگرام میں نادیہ خان نے مہوش حیات اور ماہرہ خان کو اداکارہ ماننے سے ہی انکار کردیا تھا۔

اس بارے میں احسن نے کہا کہ انہیں اس بات پر بہت ہنسی آئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہرہ خان اور مہوش حیات نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں ملک کے بڑے نام ہیں جو بالی وڈ ہی کیا ہالی وڈ میں بھی اپنا کام منوا سکتی ہیں اور وہ صدق دل سے یہ سمجھتے ہیں۔

شو میں آنے والے مہمان اتنا کھل کر کیسے بات کرلیتے ہیں؟

احسن خان کے پروگرام میں بشریٰ انصاری نے اپنی طلاق اور نوشین شاہ نے اپنے ڈپریشن کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔ یہ بات بھی لوگوں کی توجہ کی مرکز بنی کہ آخر احسن خان سے لوگ اتنا کھل کر کیسے بات کرلیتے ہیں، کیا وہ پیسے بہت اچھے دیتے ہیں؟

اس بارے میں احسن خان کا کہنا تھا کہ ہمارے فنکار خود بہت متمول ہوتے ہیں اور ان کے اپنے پاس بہت پیسہ ہوتا ہے کوئی بھی اپنی ذاتی باتیں پیسوں کے لیے نہیں بتاتا۔

احسن نے بتایا کہ بشریٰ انصاری سے ان کا ذاتی تعلق ہے اور ان کے شو پر ہمایوں سعید، فہد مصطفیٰ اور علی ظفر جیسے بڑے نام آچکے ہیں۔ یہ شو ان ہی کی وجہ سے چلتا ہے اور یہ لوگ جگہ اور موقع دیکھ کر ہی بات کرتے ہیں۔

احسن خان کے شو پر عائشہ عمر نے اپنے ساتھ پیش آنے والے جنسی ہراسانی کے واقعے کے بارے میں بھی بات کی، البتہ انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا۔

اس حوالے سے احسن نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں یہ ایک تحریک ہے اور بہت سے لوگ اس پر جہاں بات کر رہے ہیں، وہیں کچھ لوگ اس بارے میں زیادہ بات نہیں کرنا چاہتے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عائشہ عمر کے ساتھ فلم ’رہبرا‘ کی شوٹنگ کے دوران انہوں نے کئی ماہ ایک ساتھ گزارے ہیں اس لیے وہ بھی ان کے ساتھ بلا جھجھک بات کرسکی تھیں۔

احسن خان نے حال ہی میں ڈراما 'الف' میں کام کیا جس میں انہوں نے حمزہ علی عباسی کے والد کا کردار ادا کیا ہے۔ اس سوال کے جواب میں کہ یہ کردار کرتے ہوئے انہیں کچھ عجیب نہیں لگا، احسن کا کہنا تھا کہ بطور ایک اداکار وہ اپنے کردار کی طوالت نہیں دیکھتے بلکہ اس کی گہرائی دیکھتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جب یہ کردار ان کے سامنے رکھا گیا تو انہیں محسوس ہوا کہ یہ ڈراما بہت ہی اچھا لکھا گیا ہے اور حسین احسن نے اسے بہت ہی عمدگی سے بنایا ہے۔

اس سال احسن خان کی عائشہ عمر کے ساتھ فلم ’رہبرا‘ ریلیز ہونے جارہی ہے، یہ فلم تقریباً دو سال تعطل کا شکار رہی تاہم اب اس پر دوبارہ کام شروع ہوگیا ہے جس کی وجہ پروڈیوسر کے کچھ ذاتی مسائل تھے۔

احسن خان ایوارڈ شوز میں تو بہت ڈانس کرتے ہیں مگر فلم میں آج تک انہوں نے کبھی ڈانس نہیں کیا، احسن نے بتایا کہ ان کی آنے والی فلم میں بھی ڈانس نہیں ہے۔ انہیں ایک فلم میں ڈانس کی پیشکش ہوئی تھی مگر وہ کر نہیں سکے تاہم اب انہیں جب بھی موقع ملا تو وہ یہ کمی پوری کردیں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹی وی