’ماہرہ کے ساتھ تو پوری دنیا رومانس کرنا چاہتی ہے‘

سپر سٹار ایک مکمل فلم ہے جو نہ صرف رومانوی ہے بلکہ اس کی مختلف سطحیں ہیں: بلال اشرف۔

 

اداکار بلال اشرف نے کہا ہے کہ فلم ’سپر سٹار‘کے گانے ’دھڑک بھڑک‘ کے لیے انہوں نے جو کسرتی جسم بنایا ہے اس میں کسی قسم کی ادویات کا استعمال نہیں کیا گیا۔

بلال اب تک ’جانان‘ اور ’یلغار‘ سمیت تین فلموں میں کام کرچکے ہیں اور عید الاضحٰی پر ان کی چوتھی فلم ’سپر سٹار‘ ریلیز ہو رہی ہے جس میں وہ سپر سٹار ماہرہ خان کے ساتھ بطور ہیرو نظر آئیں گے۔

فلم کے ٹریلر اور اب تک ریلیز ہونے والے گانوں میں بلال کو ایک رومانوی ہیرو کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو سے خصوصی گفتگو میں ان سے پوچھا گیا کہ جوشیلےاور ایکشن ہیرو کے کرداروں کے بعد اچانک رومانوی ہیرو کا کردار ادا کرنے کی کیا سوجھی؟

اس پر بلال اشرف نے کہا وہ ایک اچھی کہانی اور اچھے ہدایت کار کا انتظار کررہے تھے اور سپر سٹار ایک مکمل فلم ہے جو نہ صرف رومانوی ہے بلکہ اس کی مختلف سطحیں ہیں اور وہ یہ کردار ادا کرنا چاہتے تھے کیونکہ آن سکرین رومانس کرنا ایک مشکل کام ہے۔

اس پر ان سے پوچھا کہ فلم میں تو انہیں ماہرہ خان کے ساتھ رومانس کرنا تھا تو یہ مشکل کیسے ہوا؟ اس پر بلال نے مسکراتے ہوئے کہا ماہرہ کے ساتھ تو پوری دنیا رومانس کرنا چاہتی ہے اور ماہرہ نے مجھے بہت اعتماد اور حوصلہ دیا کیونکہ اگر دیکھا جائے تو رومانس یا آن سکرین کیمسٹری حقیقت میں ایک اعتماد ہی ہوتا ہے اور یہ کہ ہم اس حوالے سے کسی کے ساتھ کتنے ’کمفرٹیبل‘ رہ سکتے ہیں۔

بلال نے بتایا فلم کی تیاری میں انہوں نے ماہرہ کے ساتھ تھیٹر کی خصوصی کلاسز بھی لیں اور وہیں دونوں کی اچھی کیمسٹری بننی شروع ہوگئی تھی۔ ان کا کہنا تھا فلم سے پہلے انہوں نے کبھی ماہرہ کے ساتھ کام نہیں کیا تھا۔

بلال نے بتایا کہ سپر سٹار کا گانا ’بے کراں‘ سب سے پہلے شوٹ کیا گیا تھا اور تب ہی سے ایک اچھا تال میل بننا شروع ہوگیا تھا جو پوری فلم میں رہا۔ فلم کے لیے انہوں نے خصوصی تربیت حاصل کی اور اپنے جسم کو کسرتی بنایا۔

ایک گانے ’دھڑک بھڑک‘ میں انہوں نے اپنی شرٹ اتار کر پرفارم کیا ہے۔ اس بارے میں بلال نے بتایا یہ گانا آج تک جتنے بھی چھچھورے گانے آئے یہ ان سب سے متاثر ہوکر بنایا گیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بلال کا کہنا تھا چاہے آپ ’دھڑک بھڑک‘ میں میرے قمیض اتارنے کا موازنہ سلمان خان سے کریں یا پھر رنویر سنگھ سے، یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کیونکہ یہ گانا اسی لیے بنایا گیا ہے اور یہ فلم میں ایک ایسے مقام پر آتا ہے جہاں اس کے ضرورت تھی۔

بلال نے بتایا یہ گانا ان کے لیے ایک چیلنج تھا کیونکہ عوام شاید اسے صرف ایک گانا سمجھ کر دیکھیں، مگر یہ فلم کا حصہ ہے جہاں سے کہانی ایک مختلف سمت میں چل پڑتی ہے۔

انہوں نے کہا جہاں فلم میں ’نوری‘ اور ’بےکراں‘ جیسے گانے ہیں، وہیں یہ گانا بھی ہے اور یہ ان لوگوں کے لیے ہے جو سوشل میڈیا پر تلواریں نہیں چلاتے۔

’اس گانے کا رد عمل نہایت شاندار رہا ہے جیسے میں پان سپاری لینے جاتا ہوں یا جب جم جاتا ہوں تو مجھے اس کا ردعمل بہت ہی مثبت ملتا ہے۔‘

انہوں نے مزید بتایا اپنے جسم کو کسرتی بنانے کا عمل شروع ہی ایسے ہوا تھا جب مجھے ایک نوجوان فین ملا، جو مجھے کہتا رہتا تھا کہ آپ نے یہ کرنا ہے اور میرے لیے کرنا ہے، کیونکہ وہ دل کا مریض ہے پھر یہ ہوا کہ اس فلم کے لیے اس کی ضرورت بھی تھی تو یہ سب مل کر کر لیا گیا۔

بلال نے واضح کیا کہ انہوں نے جسم کو کسرتی بنانے کے لیے کسی بھی قسم کی ادویات استعمال نہیں کیں، کوئی انجیکشن نہیں لگوائے، یہ بالکل فطری طریقے سے کیا گیا۔

فلم میں بلال کا ماہرہ کے ساتھ کوئی مصالحہ دار ڈانس ہے؟ اس پر بلال نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ماہرہ کا ایک ہی مصالحے والے گانا ’نوری‘ تھا جس میں ان کی جگہ نہیں بنتی تھی کیونکہ فلم میں جتنے بھی گانے ہیں وہ فلم کی کہانی سے جُڑے ہیں۔

سپر سٹار کے بعد اب بلال کے مزید کیا ارادے ہیں؟ اس پر ان کا جواب تھا ابھی انہیں کچھ وقت خود کو دینا ہے کیونکہ طویل عرصے سے اپنے لیے وقت نہیں نکالا اور اس کے بعد وہ چاہیں گے کہ ایک ایکشن کامیڈی فلم میں کام کریں۔

’اس سلسلے میں ایک منصوبہ پائپ لائن میں ہے لیکن فوری طور پر تو چھٹی لینے کی ضرورت ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم