تماشائیوں کے بغیر کرکٹ کا 'جادو' نہیں چلے گا: کوہلی

ہمیں کرکٹ کے دیوانوں کے سامنے کھیلنے کی عادت ہے۔ وہ احساس جو کھلاڑیوں کو تماشائیوں سے جوڑتا ہے، اسے دوبارہ تخلیق کرنا بہت مشکل کام ہے: بھارتی کپتان۔

کوہلی پریکٹس کے لیے میدان میں آ رہے ہیں (اے ایف پی)

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ اگر کرونا (کورونا) لاک ڈاون کے باعث تماشائیوں کے بغیر خالی سٹیڈیم میں میچ کرانے پڑے تو کرکٹ اپنے 'جادوئی لمحات' سے محروم ہو جائے گی۔

بھارتی بلے باز کا جمعے کو سٹار سپورٹس سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 'ایسا ہو سکتا ہے لیکن مجھے نہیں معلوم کہ اس بارے میں سب کا ردعمل کیسا ہو گا کیونکہ ہمیں کرکٹ کے دیوانوں کے سامنے کھیلنے کی عادت ہے۔ یہ بہت جذبے سے کھیلا جا سکتا تھا لیکن وہ احساس جو کھلاڑیوں کو تماشائیوں سے جوڑتا ہے اور دباؤ کی وہ کیفیت جو سٹیڈیم میں موجود ہوتی ہے، وہ جذبات دوبارہ تخلیق کرنا بہت مشکل کام ہے۔'

کرونا وائرس کی وجہ سے انڈین پریئمیر لیگ سمیت کئی کھیلوں کے مقابلے میں ملتوی ہو چکے ہیں۔ 'ہم ویسے ہی کھیلیں گے جیسے کھیلنا چاہیے لیکن ان جادوئی لمحات کو تخلیق کرنا بہت مشکل ہو گا۔'

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کچھ یورپی فٹ بال لیگز بغیر تماشائیوں کے میچ کرانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں لیکن آئی پی ایل کے حوالے سے ابھی تک کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب اکتوبر میں آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے بھی شکوک و شبہات جنم لے رہے ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ وہ اس ٹورنامنٹ کے حوالے سے تمام آپشنز پر غور کر رہی ہے۔ آئی پی ایل میں دہلی کی جانب سے کھیلنے والے آسٹریلوی وکٹ کیپر بلے باز الیکس کیرے کا کہنا ہے کہ اگر خالی سٹیڈیم میں میچ کھیلے گئے تو یہ بہت کھوکھلا محسوس ہو گا۔

کیرے کے مطابق 'کرکٹ کچھ وقت کے لیے تبدیل ہو جائے گی۔ ہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور آئی پی ایل کھیلنے کے منتظر ہیں لیکن تماشائیوں کے بغیر کچھ سوچنا بہت مشکل ہے۔ یہ بہت کھوکھلا احساس ہو گا لیکن مداح شاید ٹی وی پر ہی کچھ لائیو کرکٹ دیکھنے کا انتظار کر رہے ہوں گے۔'

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ