ٹڈی دل کو پاکستان سے جوڑنا: ’ارناب تمہیں شرم آنی چاہیے‘

بھارتی اینکر ارناب گوسوامی کی اس بات پر کہ پاکستان ٹڈیوں کو دہشت گرد بنا کر بھارت بھیج رہا ہے، انہیں سوشل میڈیا پر آڑے ہاتھوں لیا گیا ہے۔

ارناب گوسوامی کو دکھائی دینے والی ٹڈی دل (سوشل میڈیا)

بھارتی اینکر ارناب گوسوامی کی اب اپنے لوگوں میں کیا حیثیت رہ گئی ہے یہ ایک علیحدہ بحث ہے لیکن پاکستان دشمنی میں وہ کس حد تک جاسکتے ہیں یہ سب کو معلوم ہے۔ ہر مرتبہ وہ ایک نئے ’سازشی مفروضے‘ سے ہر ایک کو ہکا بکا کر دیتے ہیں۔

لیکن اس مرتبہ انہیں پاکستان کے خلاف بات کرنے کا موقع ٹڈی دل کے حملے نے دیا ہے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں اس سے نمٹنے کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔ خود پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ ابھی مقامی ٹڈی دل نے سر اٹھایا ہے جبکہ ایران اور افریقہ سے اس سیلاب کا پاکستان آنا باقی ہے۔

سازشی مفروضوں کو نئے نئے رنگ دینے والے ریپبلک ٹی وی کے ارناب گوسوامی نے اپنے پروگرام ’پوچھتا ہے بھارت‘ میں کہا کہ سب سے گئے گزرے کو پدی اور پدی کا شوربا کہتے ہیں لیکن اب اس سے بھی ایک ابتر چیز آئی ہے اور وہ ہے ٹڈی۔ ان کے بقول یہ ٹڈی ’پورے پاکستان کے لیے سب سے بڑی مصیبت بن گیا ہے۔‘ انہیں یہ حقائق کہاں سے ملے انہوں نے یہ نہیں بتایا لیکن اتنا کہہ دیا کہ پاکستان ٹڈی سے ہار گیا ہے اور آدھے پاکستان پر ٹڈیوں کا قبضہ ہوگیا ہے۔

اپنے مخصوص انداز میں انہوں نے پاکستانیوں کو ٹڈیوں کا شوربا کھانے کا مشورہ بھی دے ڈالا۔ لیکن ذکر پاکستان کا ہو اور ارناب صاحب دہشت گردی اور شدت پسندی کو بیچ میں نہ لائیں یہ کیسے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا: ’سب دہشت گردوں کو تو ہم نے سولی پر چڑھا دیا اب پاکستان ان ٹڈیوں کو دہشت گرد بنا کر بھارت بھیج رہا ہے۔ آخر میں سوال کہ کیا پاکستان اب ان ٹڈیوں کے ذریعے کرے گا حملہ بھارت پر؟

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

لیکن پاکستان سے تو انہیں کیا جواب آئے گا خود بھارت کے اندر سوشل میڈیا پر ان کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ ایک بھارتی شہری بسوا لہون نے لکھا: ’یہ شخص تو شرمندگی ہے۔ جو کوئی کہتا ہے کہ وہ ارناب پر فخر کرتا ہے وہ پاگل ہے۔ آسام میں سیلاب آیا ہوا ہے لیکن یہ شخص پرائم وقت میں ٹڈی پر پروگرام کر رہا ہے جہاں وہ پاکستان سے اسے جوڑ سکے۔ اسے شرم آنی چاہیے۔‘

ایک صارف نے ٹڈیوں کی دو تصاویر لگا کر پوچھا کہ کیا وہ ارناب کو اس طرح دکھائی دے رہی ہیں۔

 

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ