دبنگ کے گانے بنانے والے ساجد واجد اب 'ساجد' رہ گئے

ساجد واجد کی جوڑی کو سلمان خان نے1998میں اپنی فلم 'پیار کیا تو ڈرنا کیا' سے متعارف کروایاتھا  جس کے بعد اس جوڑی نے ہندوستانی فلموں کو بہت سے مشہور گیت دیے۔

واجد کا انتقال 42 برس میں ہوا۔ کچھ میڈیا چینل کرونا کو ان کی موت کا باعث قرار د ےرہے ہیں۔(ٹوئٹر)

پارٹنر ، دبنگ اور وانٹڈ جیسی فلموں میں سپر ہٹ گانے دینے والے جوڑی 'ساجد واجد' کے اہم شریک، واجد خان اتوار کی رات 42 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

واجد نے بطور گلوکار سلمان خان کے لیے 'میرا ہی جلوہ' سمیت کئی ہٹ گانے بھی گائے۔

واجد کو اتوار کے روز ممبئی کے ایک اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔ وہ پچھلے کچھ برس سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔

اتوار کے روز ان کی اچانک طبیعت خراب ہوگئی جس کے بعد انہیں اسپتال میں وینٹیلیٹر رکھا گیاتھا لیکن اسی رات ان کا انتقال ہوگیا۔

ساجد واجد کی جوڑی کو سلمان خان نے1998میں اپنی فلم 'پیار کیا تو ڈرنا کیا' سے متعارف کروایاتھا  جس کے بعد اس جوڑی نے ہندوستانی فلموں کو بہت سے مشہور گیت دیے۔

ساجد واجد کے ہٹ میوزک کی وجہ سے پوری دنیا میں ان کی ایک الگ شناخت تھی۔

اس جوڑی نے 'دبنگ تھری، ٹھاکر گنج کا گھرانہ ، پاگل پنتھی ، جڑواں 2 ، فریکی علی ، کیا کول ہے ہم، سنگھ از بلنگ، تیور ، میں تیرا ہیرو ، ہیروپنتھی ، دبنگ ٹو ، ایک تھا ٹائیگر ، تیری میری کہانی ، راؤڈی راٹھور ، ہاؤس فل ٹو، دبنگ ، ویر ، مطلوب ، خیرمقدم ، ساتھی ، تیرے نام ، ہم آپ ہیں صنم ، ہیلو برادر ، پیار جیسی فلموں میں بہت سے سپر ہٹ گانے دیئے ۔

یہ جوڑی ہمیشہ سلمان خان کے لیے ہٹ گانے بناتی رہی۔ بعدازاں واجد نے خود سلمان کے لیے گانا شروع کردیا۔ ان میں 'پانڈے جی، فیویکول سے ، ہمکا پنی ہے ، ہڑ ہڑ دبنگ اور جلوا جیسے گانے شامل ہیں۔

واجد کی موت سے بالی وڈ میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔

بالی وڈ کی کئی مشہور شخصیات جن میں پریانکا چوپڑا ، سونو نگم ، سلیم مرچنٹ شامل ہیں، نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

واجد خان کے انتقال پر پرینکا چوپڑا نے ٹویٹر پر لکھا:

'یہ خوفناک خبر ہے ۔ ایک بات جو مجھے ہمیشہ یاد رہے گی وہ ہے واجد بھائی کی ہنسی۔ وہ ہمیشہ مسکراتے رہتے ہیں۔ وہ جلدی چلے گئے۔ان کے اہل خانہ سمیت ہر غمزدہ شخص سے میں تعزیت کرتی ہوں۔ ہمارے خیالوں اور دعاؤں میں آپ رہیں گے۔

ورون دھون نے اپنے والد ڈیوڈ دھون کے ساتھ واجد کی ایک تصویر اپ لوڈ کی اور لکھا 'واجد خان بھائی، یہ خبر سن کر حیران رہ گئے۔ بھائی میرے اور میرے کنبے کے انتہائی قریب تھے۔ وہ بہترین لوگوں میں سے ایک تھے۔ واجد بھائی ہم آپ کو ہمیشہ یاد کریں گے۔

بہت سےبھارتی نیوز چینلز اور ٹویٹر پر کئی لوگوں کا کہنا ہے کہ واجد کی موت کرونا کی وجہ سے ہوئی ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی فلم