سندھ بورڈ کی کتابوں کو بریل میں تبدیل کرنے والا نوجوان

دو سال قبل 23 سالہ سعود شیخ نے ایک فلاحی تنظیم بنائی جو سندھ بورڈ کی یکم تا آٹھویں جماعت کے تمام مضامین کی ٹیکسٹ بکس کو نابینا طلبہ کے لیے بریل میں تبدیل کرتی ہے۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے سعود شیخ اپنی پیدائش سے ہی بصارت سے محروم ہیں البتہ انہوں اسے کبھی اپنی کمزوری نہیں بننے دیا۔

23 سالہ سعود فلاحی تنظیم وژیوالی امپیرڈ پیپل سپورٹ ویلفئیرایسوسیشن کے بانی ہیں جو انہوں نے دو سال قبل بنائی تھی۔

انہوں نے انٹرمیڈیٹ تک تعلیم حاصل کی ہے اور متعدد کمپیوٹر کورسز کے ساتھ  ڈکسبری بریل ٹرانسکرپشن سافٹ وئیر کا کورس بھی کیا ہے۔

ان کی تنظیم اس سافٹ وئیر کے ذریعے سندھ بورڈ کی یکم تا آٹھویں جماعت کے تمام مضامین کی ٹیکسٹ بکس کو نابینا طلبہ کے لیے بریل میں تبدیل کرتی ہے۔ اس کے علاوہ ان کی تنظیم کی جانب سے بنائی بریل کی کتابوں میں نویں، دسویں جماعت اور انٹرمیڈیٹ کی پہلے اور دوسرے سال کے فائیو ائیرز بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے سعود کا کہنا تھا: 'بصارت سے محروم طلبہ کو دوسرے طلبہ کے مقابلے میں کئی گناہ ذیادہ محنت کرنی پڑتی ہے۔ ہم لوگوں کے لیے عام کتابوں سے پڑھنا ممکن نہیں ہوتا اس لیے اساتذہ ہمیں پورا سبق پڑھا کر سناتے ہیں اور ہم سبق کو یاد کرنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر تیس تیس پیجز بھی لکھتے ہیں۔ لکھتے لکھتے اکثر ہاتھ دکھ جاتے ہیں۔ اسی طرح امتحانوں میں بھی ہمارے ساتھ ایک رائٹر بٹھایا جاتا ہے جسے ہم زبانی سوالوں کے جوابات بتاتے ہیں اور وہ کس طرح اسے لکھتے ہیں ہمیں اس کا علم نہیں ہوتا۔ اس لیے امتحانوں میں اکثر ہمارے نمبر بھی ٹھیک نہیں آتے۔'

سعود نے خود ان تمام مشکلات کا سامنا کیا ہے اس لیے انہوں نے اپنی انٹرمیڈیٹ کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ارادہ کیا کہ وہ دیگر نابینا طلبہ کے لیے اس عمل کو آسان بنائیں گے۔

ان کی تنظیم نے سندھ بورڈ کی کتابوں کو بریل میں تبدیل کرنا شروع کیا جس کے لیے سعود نے پیسے جمع کرکے برطانیہ سے ایک بریل امبوزر مشین بھی منگوائی ہے۔

ان کے مطابق کئی نابینا طلبہ اور ان کے سکولز ان کی تنظیم کی جانب سے بنائی گئی بریل کتابوں سے مستفید ہوتے ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ وہ اس کام کو نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان میں پھیلائیں تاکہ نابینا افراد کے لیے تعلیم حاصل کرنے کا عمل آسان ہوسکے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی نئی نسل