انگریز دور کے بعد کسی ضلعے کا پہلا گزیٹیئر جاری

انگریزوں نے اپنے دور میں ہندوستان کے تمام علاقوں کے بارے میں انتہائی معلوماتی کتابیں چھاپیں تھیں، لیکن یہ سلسلہ ان کے جاتے ہی بند ہو گیا۔ اب مظفر گڑھ سے اس روایت کا احیا ہو رہا ہے۔

(سوشل میڈیا)

برصغیر میں نوآبادیاتی طاقت ہونے کے باوجود انگریزوں نے پنجاب کے اضلاع کے تفصیلی گزیٹیئر مرتب کر کے ان کی اشاعت میں کامیابی حاصل کی جو اب بھی اضلاع کی تاریخ و ثقافت سے متعلق مستند حوالوں کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔

یہ گزیٹیئر سب سے اہم اور مستند دستاویز کے طور پر متعلقہ ضلع کی تاریخ، جغرافیہ، آبادی، روایات، معیشت اور زراعت جیسی تمام متعلقہ تفصیلات و معلومات کا احاطہ کرتے تھے۔ تاہم 1947 میں قیام پاکستان کے بعد اس سلسلے میں زیادہ کام نہیں کیا جا سکا اور یوں یہ خوبصورت روایت تاریخ کے دھندلکوں میں گم ہو گئی۔
حالیہ دنوں میں مطفر گڑھ کے سابق ڈپٹی کمشنر بیرسٹر ڈاکٹر احتشام انور مہار نے اپنے ایک سال سے بھی کم عرصہ تعیناتی کے دوران ضلع مظفر گڑھ کے لیے ایک گزیٹیئر مرتب کیا ہے۔ ضلع مظفر گڑھ کا پہلا گزیٹیئر 1915 میں مرتب اور شائع کیا گیا تھا، بعدازاں 1929 میں اس وقت کے ڈپٹی کمشنر مسٹر ایڈورڈ ایچ لنکنز نے مظفر گڑھ کا گزیٹیئر مرتب کیا۔ 1960 کی دہائی کے اوائل میں حکومت کی طرف سے آفیسرز آن خصوصی ڈیوٹی (او ایس ڈی) کو گزیٹیئرز کو مرتب کرنے کا کام سونپا گیا تھا، جس کے تحت 1964 میں ضلع مظفر گڑھ کے گزیٹیئر کی ایک نقل تیار کی گئی۔
ضلع مظفر گڑھ کا تازہ ترین گزیٹیئر مرتب کرنے کے علاوہ بیرسٹر ڈاکٹر احتشام انور مہار نے اس کا ایک الیکٹرانک ورژن بھی تیار کیا ہے جو آن لائن دستیاب ہو گا، جس میں لوگوں کے لیے کسی خاص معلومات کا پتہ لگانے کے لیے تلاش کا آپشن دستیاب ہو گا۔ دوسرے الفاظ میں یہ پاکستان میں کسی بھی ضلع کا پہلا ای گزیٹیئر ہے۔
تاریخی لحاظ سے اہمیت کا حامل مظفر گڑھ صوبہ پنجاب کا ایک زرخیز شہر ہے۔ جس کی بنیاد حاکم ملتان نواب مظفر خان نے 1794 میں رکھی۔ یہ ضلع اپنی تہذیب و ثقافت، زراعت و صنعت، سیاست و تجارت، علم وادب اور جغرافیائی محل وقوع کی بنا پر منفرد حیثیت کا حامل ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مظفر گڑھ گزیٹیئر ضلع میں آباد نسلوں، محل وقوع، شہر، مذہبی تہوار، لوک دست کاری، اہم فصلات، درخت، جانور وغیرہ، بندوبست و زراعت، ثقافت، کھیلوں، رسموں، احوال سرکاری محکمہ جات، تعلیمی ترقی، عدل و انصاف، تجارت، ذاتوں، ادبی و صحافتی پہلو، نقشہ جات اور اہم واقعات کا احاطہ کرتا ہے۔ یہ گزیٹیئر ضلع مظفر گڑھ کی تاریخ، زبان، ثقافت اور آثار کے حوالے سے ایک مکمل دستاویز ہے اور تاریخ کے طالب علموں کے بہترین رہنما کی حیثیت رکھتا ہے۔
تاریخ رقم کرنا بجائے خود ایک تاریخی عمل ہے اور تاریخ ساز لوگ ہی ہمیشہ تاریخی کارنامے سرانجام دیتے ہیں۔ انگریز دور میں ضلعی سطح پر جو گزیٹیئر مرتب ہوتے تھے، اس کام کو ایک بار پھر سے شروع کرنے کی ضرورت ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹر احتشام انور مہر نے بطور ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ جزوی طور پر ہی سہی، اس کام کو آگے بڑھانے کی کوشش کی جس پر ان کی تحسین ہونی چاہیے۔ ان کی طرف سے عہد رفتہ کی گم گشتہ روایات میں سے ایک خوبصورت روایت کو 90 سال بعد زندہ کرنے کی قابل فخر کاوش تادیر یاد رکھی جائے گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ