ٹینس سٹار راجر فیڈرر اور رافیل نڈال 2017 کے بعد پہلی مرتبہ انڈین ویل 2019 میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔ اس سے قبل ہسپانوی کھلاڑی رافیل نڈال نے گھٹنے کے مسائل پر قابو پاتے ہوئے کیرن خچنوف کو شکست دی۔
رافیل نڈال کو دوسرے سیٹ کی تیسری گیم میں میڈیکل ٹائم آؤٹ لینا پڑا تاکہ وہ دائیں گھٹنے پر ٹیپ لگا سکیں۔ وہ سخت تکلیف میں دکھائی دیے لیکن بلآخر مقابلہ جیت گئے۔
فیڈرر جو گذشتہ ماہ دبئی میں اپنے سوویں ٹائٹل پر نطریں جمائے ہوئے تھے ایک آسان مقابلے کے بعد پول ہربرٹ کو ہرانے میں کامیاب ہوئے۔
آئندہ سنیچر کو آخری چار مقابلے منعقد ہو رہے ہیں لیکن نڈال کی فٹنس پر ابھی سوالیہ نشان لگا ہوا ہے کہ آیا وہ میچ شروع بھی کرسکیں گے یا نہیں۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہ کیا وہ فیڈرر کے خلاف بہترین کارکردگی دکھا سکیں گے یا نہیں۔
تاہم حالیہ تاریخ فیڈرر کے حق میں ہے جنہوں نے ان دونوں کے درمیان 2014 سے پانچوں میچ جن میں دو سال قبل یہیں ایک مقابلہ جیت لیا تھا۔
ان کے درمیان آخری مقابلہ شنگھائی ماسٹرز میں 2017 میں ہوا تھا جو فیڈرر جیت گئے تھے۔
نڈال نے ایمزون پرائم کو بتایا کہ ’میرے گھٹنے سے متعلق مسائل ہیں۔ یہ مشکل وقت تھا لیکن میں نے بلآخر اپنا راستہ تلاش کر لیا تھا۔‘
’امید ہے کہ میں سیمی فائنل کے لیے تیار ہوں گا۔ میں اپنی صحتیابی کی پوری کوشش کروں گا اور اس طرح کا میچ جو میں کھیلنا چاہتا ہوں کھیلوں۔‘