ایٹم بم کے کوڈ والا سوٹ کیس ٹرمپ سے بائیڈن کو کیسے منتقل ہوگا؟

ہر جانے والا امریکی صدر ایٹمی سوٹ کیس نئے صدر کو اپنی نگرانی میں منتقل کرواتا ہے، مگر ٹرمپ تو بائیڈن کو مانتے ہی نہیں؟

آج رات کو جب جو بائیڈن امریکہ کے 46 ویں صدر کا حلف اٹھائیں گے تو دنیا کے سب سے طاقتور شخص کے تمام اختیارات کے ساتھ ہی انہیں 22 کلو وزنی ایک سوٹ کیس بھی دیا جائے گا جس میں امریکہ کے ایٹمی ہتھیاروں کو کنٹرول کرنے والے خفیہ کوڈ موجود ہیں۔

یہ سوٹ کیس ہر وقت امریکی صدر کے قریب رہتا ہے اور عام طور پر جانے والا صدر آنے والے صدر کو اپنی موجودگی میں یہ سوٹ کیس پیش کرتا ہے مگر چونکہ ٹرمپ بائیڈن کی جیت کو تسلیم نہیں کرتے، اور حلف برداری کی تقریب کے وقت وہ واشنگٹن کی بجائے فلوریڈا میں ہوں گے، اس لیے سوٹ کیس کی منتقلی ایک مسئلہ بن گئی ہے۔   

سیاہ چمڑے کا یہ سوٹ کیس ’ایٹمی فٹ بال‘ کہلاتا ہے اور کے اندر المونیم کا مضبوط بکسہ ہوتا ہے جس کے اندر ایٹمی ہتھیاروں کے کوڈ درج ہوتے ہیں۔ ان خفیہ کوڈز کی مدد سے امریکی صدر دنیا میں کہیں بھی ایٹمی حملہ کرنے کا حکم دے سکتا ہے۔

یہ سوٹ کیس بم پروف ہوتا ہے اور اس کے اندر ایسا فون ہوتا ہے جس کی مواصلات کو جام نہیں کیا جا سکتا۔ اس کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں امریکی صدر پینٹاگان کے ساتھ رابطے میں رہ سکے۔

امریکی چینل ’سی این این‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق جب ڈونلڈ ٹرمپ گولف کھیلتے تھے تو اپنے گولف کلبز کے ساتھ ساتھ  اس ’فٹ بال‘ کو بھی گولف گاڑی میں ساتھ لیے لیے پھرتے تھے۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تاہم امریکی محکمۂ دفاع نے اسی مقصد کی خاطر پہلے سے تیاری کر رکھی ہے۔ میڈیا پر آنے والی اطلاعات کے مطابق ان کے پاس اس قسم کا ایک سوٹ کیس نہیں، بلکہ کم از کم تین سوٹ کیس ہیں۔

ایک سوٹ کیس 20 جنوری کی صبح کو ٹرمپ کے ساتھ فلوریڈا جائے گا، لیکن اس کا الیکٹرانک سسٹم دن کو ٹھیک 11 بج کر 59 منٹ اور 59 سیکنڈ پر ناکارہ ہو جائے گا۔

عین اسی وقت واشنگٹن میں ٹرمپ کا ملٹری ایڈ نئے صدر جو بائیڈن کے ملٹری ایڈ کو اسی قسم کا ایک اور سوٹ کیس پیش کرے گا جو ٹھیک 12 بجے کام شروع کر دے گا اور یوں سوٹ کیس کی منتقلی عمل میں آ جائے گی۔

اس کے بعد ایک فوجی عہدے دار ٹرمپ کا سوٹ کیس لے کر واشنگٹن آ جائے گا اور اسے نئی انتظامیہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ