کیا حسن علی نے چیٹنگ کی؟

دورہ انگلینڈ پر موجود پاکستانی بولر نے ایک وارم اپ میچ کے دوران بظاہر نیچے گر جانے والے کیچ کو لے کر یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ جیسے انہوں نے یہ کیچ پکڑ لیا ہو۔

بلے باز کو آؤٹ کرنے کے بعد حسن علی کا جشن منانے کا مخصوص انداز۔ فائل تصویر: اے ایف پی

پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی جو اس وقت ٹیم کے ساتھ انگلینڈ ٹور پر ہیں، اُس وقت تنازع کا شکار ہوگئے جب انہوں نے وارم اپ میچ کے دوران ایک بظاہر نیچے گر جانے والے کیچ کو لے کر یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ جیسے انہوں نے یہ کیچ پکڑ لیا ہو۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ واقعہ کینٹ کاؤنٹی کے خلاف کھیلے جانے والے میچ کے دوران پیش آیا۔

ہفتہ (27 اپریل) کو کھیلے جانے والے میچ میں مہمان ٹیم نے کاؤنٹی ٹیم کو با آسانی 100 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 50 اوورز میں 358 رنز کا ہدف دیا۔ 30 ویں اوور میں 176 رنز پر کینٹ کی تین وکٹیں گرنے کے بعد الیکس بلیک 89 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے جبکہ حسن علی بولنگ کروا رہے تھے۔

ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فاسٹ بولر بظاہر کیچ کو پکڑ نہیں سکے لیکن انہوں نے یہی تاثر دیا کہ جیسے انہوں نے یہ کیچ پکڑ لیا ہو، جس پر امپائر کی جانب سے بلے باز کو کوئی مہلت نہیں دی گئی اور انہیں گراؤنڈ سے جانا پڑا۔

کرکٹ قوانین کے مطابق ’ایک کیچ اسی وقت ہی مکمل سمجھا جاتا ہے جب فیلڈر کی جانب سے گیند اور فیلڈر کی اپنی حرکت پر مکمل کنٹرول نظر آرہا ہو۔‘

حسن علی کی اس حرکت کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ’چیٹنگ‘ کا الزام عائد کیا جارہا ہے۔
 

 

دوسری جانب بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ حسن علی نے کیچ پکڑ لیا تھا، لیکن انہوں نے جشن منانے کے لیے گیند کو زمین پر پھینکا۔

حسن علی اس سے قبل بھی کھیل کے میدان میں کبھی اپنے انوکھے انداز اور کبھی اپنے رویے کی وجہ سے خبروں کی زینت بنتے رہے ہیں۔ گذشتہ برس دورہ نیوزی لینڈ کے دوران بھی کپتان سرفراز احمد کی بات نہ سننے پر شائقین کی جانب سے ان پر تنقید دیکھنے میں آئی تھی، تاہم کپتان سرفراز احمد اور حسن علی نے کسی بھی قسم کی تلخی کے تاثر کی تردید کر دی تھی۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ