پاکستان بھر میں بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں دو دن بند

این سی او سی احکامات کے مطابق مال بردار ٹرانسپورٹ، ادویات اور دوسری ایمرجنسی سروسز کی ترسیل کو استثنیٰ حاصل ہوگا جب کہ فیصلے کا اطلاق 10 اپریل سے 25 اپریل تک ہو گا۔

(اے ایف پی)

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کرونا کیسز میں اضافے کے باعث بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں دو دن بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

این سی او سی کے اجلاس میں ملک بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا جائزہ لیا گیا اور اس کی روک تھام کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔

این سی او سی کے مطابق بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں دو دن بند ہفتے اور اتوار کو بند رکھی جائے گی۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ مال بردار ٹرانسپورٹ، ادویات اور دوسری ایمرجنسی سروسز کی ترسیل کو استثنیٰ حاصل ہوگا جب کہ فیصلے کا اطلاق 10 اپریل سے 25 اپریل تک ہو گا۔

این سی او سی کے مطابق ٹرینیں 70 فیصد مسافروں کے ساتھ فعال رہیں گی۔

قبل ازیں وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت تین ہزار 568 کرونا کے مریض انتہائی نگہداشت کے شعبے میں زیرعلاج ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا کی وبا پھوٹنے کے بعد سے یہ اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

پاکستان میں کرونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 60 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ گزشتہ روز 55 ہزار 605 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے پانچ ہزار بیس افراد میں کرونا مثبت آیا۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کرونا سے 81 ہلاکتیں ہوئیں۔

این سی او سی کے مطابق ملتان میں 70 فیصد وینٹیلیٹرز مریضوں کے استعمال میں ہیں۔ لاہور میں یہ تعداد 65 فیصد اور گوجرانوالہ میں 60 فیصد ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان