ملکہ برطانیہ کی گیارہویں پرپوتی کو شاہی لقب نہیں ملےگا

للی بیٹ کا نام اپنی پردادی ملکہ برطانیہ اور ان کا درمیانہ نام پرنسز آف ویلز شہزادی ڈیانا کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے رکھا گیا ہے۔

للی بیٹ ہیری اور میگن کی آرچی ہیری سن ماؤنٹ بیٹن ونڈسر کے بعد دوسری اولاد ہیں جو اب دو سال کے ہو چکے ہیں(فائل فوٹو: اے ایف پی)

ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس ہیری اور میگن مارکل نے اپنی بیٹی کی پیدائش کا اعلان کر دیا ہے جس کا نام انہوں نے للی بیٹ ’للی‘ ڈیانا ماؤنٹ بیٹن ونڈسر رکھا ہے۔

ہیری اور میگن کے مطابق للی بیٹ جمعے کو 11 بجکر 40 منٹ پر کیلی فورنیا کے علاقے سانتا باربرا کے ایک ہسپتال میں پیدا ہوئیں اور اب گھر منتقل کر دی گئیں ہیں۔

للی بیٹ کا نام اپنی پردادی ملکہ برطانیہ اور ان کا درمیانہ نام پرنسز آف ویلز شہزادی ڈیانا کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے رکھا گیا ہے۔

وہ ہیری اور میگن کی دوسری اولاد ہیں، ان کے بڑے بھائی آرچی ہیری سن ماؤنٹ بیٹن ونڈسر  ہیں جو اب دو سال کے ہو چکے ہیں۔

اپنی آرچ ویل ویب سائٹ پر کی گئی ایک پوسٹ میں ہیری اور میگن کا کہنا تھا کہ للی بیٹ ’ہماری توقعات سے بھی بڑھ کر ہے۔‘

انہوں نے خود کو ’خوش قسمت‘ قرار دیا ہے۔

ہیری اور میگن نے مارچ میں اوپرا ونفری کو دیے جانے والے چشم کشا انٹرویو میں اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ وہ ایک بیٹی کے منتظر ہیں۔

ان کی یہ نومولود بیٹی ملکہ برطانیہ کی گیارہویں پرپوتی ہے لیکن اس بچی کو شہزادی یا ہر رائل ہائی نیس کا خطاب استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ ایسا برطانوی بادشاہ جارج پنجم کے ان اصولوں کے مطابق ہو گا جو انہوں سے سو سال قبل طے کیے تھے۔

وہ اس وقت ہی شہزادی کہلانے کی مجاز ہوں گی جب ملکہ برطانیہ کی وفات کے بعد شہزادہ چارلس بادشاہ بنیں گے۔

ہیری اور میگن کے پریس سیکرٹری کا کہنا ہے کہ ’شہزادہ ہیری اور میگن، سسیکس کے ڈیوک اور ڈچز، بہت خوشی سے اپنی بیٹی للی بیٹ ’للی‘ ڈیانا ماؤنٹ بیٹن ونڈسر کو اس دنیا میں خوش آمدید کہتے ہیں۔‘

ان کے مطابق: ’للی جمعہ چار جون کو کیلی فورنیا کے سانتا باربرا کاٹیج ہسپال کے ماہر معالجین اور نرسوں کی نگہداشت میں دن 11 بجکر چالیس منٹ پر پیدا ہوئیں۔ ان کا وزن سات پاؤنڈز سے زیادہ تھا۔ ماں اور بیٹی دونوں صحت مند ہیں اور اپنے گھر منتقل ہو چکی ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا: ’للی کا نام اپنی پردادی عزت ماب ملکہ برطانیہ کے نام پر رکھا گیا ہے جن کا خاندانی نک نیم للی بیٹ ہے۔ ان کا درمیانہ نام ڈیانا ہے جو ان کی آنجہانی دادی پرنسز آف ویلز شہزادی ڈیانا کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے رکھا گیا ہے۔‘

پریس سیکرٹری کا کہنا تھا: ’ڈیوک اور ڈچز بحیثیت خاندان اس بہت اہم وقت میں نیک خواہشات اور دعاؤں کے لیے آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘

ویب سائٹ کے مطابق ہیری اور میگن ان دنوں زچگی کی چھٹیوں پر ہیں۔ انہوں نے اپنے خیر اندیشوں کو انہیں تحفے بھیجنے کے بجائے خواتین کی مدد کرنے والی تنظیموں، گرلز انکارپوریٹڈ، ہارویسٹ ہوم، کیم فیڈ اور مینا مہیلا فاؤنڈیشن کی حمایت کرنے کا پیغام دیا ہے۔

بکنگھم پیلس نے بھی اس خبر پر ’خوشی‘ کا اظہار کیا ہے۔

ایک ترجمان کے مطابق ’ملکہ برطانیہ، پرنس آف ویلز اور ڈچز آف کورن وال، ڈیوک اور ڈچز آف کیمرج کو اس بات کی اطلاع دی گئی ہے اور وہ ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس کے ہاں بیٹی کی پیدائش پر بہت خوش ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ڈیوک اور ڈچز آف کیمرج یعنی شہزادہ ویلیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کے اکاؤنٹ سے ٹویٹ میں کہا گیا: ’ہم اس اچھی خبر سے بہت خوش ہیں۔‘

جبکہ پرنس آف ویلز اور ڈچز آف کورن وال نے لکھا: ’ہیری، میگن اور آرچی کو للی بیٹ کی آمد پر مبارک باد۔ ہم اس خصوصی وقت میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔‘

شہزادی یوجین نے بھی ہیری اور میگن کو انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے مبارک باد دی ہے۔ انہوں نے ہیری اور میگن کی اس وقت کی تصویر پوسٹ کی جب اعلان کیا گیا تھا کہ ڈچز حاملہ ہیں۔ تصویر کے ساتھ انہوں نے لکھا: ’ڈئیر کزنز، مبارک ہو۔ ہم آپ کے لیے بہت زیادہ خوش ہیں۔‘ ان عنوان کے ساتھ انہوں نے دل کے ایموجیز بھی پوسٹ کیے۔

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن بھی ان افراد میں شامل تھے جنہوں نے شاہی جوڑے کو بیٹی کی پیدائش پر مبارک باد دی ہے۔ ہیری کے زیر نگرانی چلنے والے خیراتی ادارے ویل چائلڈ نے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ جبکہ ان کی والدہ کی کوششوں کو جاری رکھنے کے لیے قائم کیے جانے والے ادارے دی ڈیانا ایوارڈ نے بھی ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس کے کیلی فورنیا میں مقیم ہونے اور ان کے باقی کے شاہی خاندان سے تعلقات خراب ہونے کے باعث یہ جاننا ممکن نہیں کہ کیا للی بیٹ شاہی خاندان سے مل سکیں گی اور ایسا کب ہو گا۔

 

 اس رپورٹ میں پریس اسوسی ایشن کی اضافی معاونت شامل ہے۔

© The Independent

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا