مستونگ میں سکول وین پر فائرنگ، چار خواتین اساتذہ زخمی

پولیس کے مطابق سکول وین پر فائرنگ اس وقت کی گئی جب اساتذہ ڈیوٹی کے بعد چھٹی کرکے واپس جا رہی تھیں۔

فائرنگ کا نشانہ بننے والی سکول وین (تصویر: مقامی صحافی)

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ہفتے کو سکول سے چھٹی کے بعد واپس کوئٹہ جانے والی خواتین اساتذہ کی گاڑی پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی۔ 

لیویز تھانہ ولی خان کے سٹیشن آفیسر بلال نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ہفتے کو دن ڈیڑھ بجے کے قریب پڑنگ آباد کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کردی، جس سے وین میں سوار تین اساتذہ زخمی ہوگئیں جبکہ ایک استاد معمولی زخمی ہوئیں۔

بلال نے بتایا کہ لیویز نے فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ کر زخمیوں کو  نواب غوث بخش ہسپتال مستونگ منتقل کیا اور واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

لیویز اہلکار کے مطابق: ’فائرنگ کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔ یہ خواتین اساتذہ دشت بابا میں سکول میں پڑھانے آتی ہیں، جنہیں چھٹی کے بعد ان کے گھر لے جایا جارہا تھا۔‘

بلال نے مزید بتایا کہ اساتذہ کا تعلق کوئٹہ سے ہے، جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ 

بلوچستان میں مختلف شدت پسند گروہ متحرک ہیں، جو اکثروبیشتر سکیورٹی فورسز اور عام لوگوں کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔

گذشتہ ماہ 11 مئی کو بھی مستونگ میں آر سی ڈی شاہراہ پر چھوتو مقام پر نامعلوم افراد نے گشت پر مامور ایک پولیس موبائل پر فائرنگ کردی تھی، جس کے نتیجے میں دو اہلکار چل بسے تھے۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان