18 سال بعد نیوزی لینڈ کی پاکستان سیریز شیڈول کا اعلان

مہمان ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز اور پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔

دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شامل تینوں میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے(اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیو زی لینڈ کے دورہ  پاکستان کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم آئندہ ماہ 18 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔

اس دوران مہمان ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز اور پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔

لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شامل تینوں میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

یہ میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں  کھیلے جائیں گے۔ سیریز میں شامل تمام پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے، جو  25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔

جہاں سیریز میں شامل تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں رسائی کے لیے اہم ہوں گے تو وہیں پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز  بھی قومی کرکٹ ٹیم کے لیے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کا بہترین موقع ثابت ہوں گے۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی فاتح ٹیم  نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز کھیلنے آئندہ سال پاکستان آئے گی ۔

نیوزی لینڈ وہ پہلی ٹیم ہوگی جو پاکستان میں موجود شائقین کرکٹ کے لیے ترتیب دیئے گئے بمپر کرکٹ سیزن 22-2021 میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔ نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ کی مینز اور ویمنز ٹیمیں پاکستان کا دورہ  کریں گی، جس کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کراچی پہنچے گی۔

آسٹریلیا کو بھی آئندہ سال فرور ی/مارچ میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہےکہ  نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز  پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ سیزن کا بہترین آغاز ہوگا۔ نیوزی لینڈ نہ صرف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی فاتح بلکہ ورلڈکپ 2019 کی فائنلسٹ ٹیم بھی ہے۔

وہ آئی سی سی کی موجودہ ورلڈٹی ٹونٹی رینکنگ میں بھی  تیسرے نمبر پرموجود ہے۔ مہمان ٹیم کا دورہ  پاکستان شائقین کرکٹ کی توجہ اپنی طرف مبذول کروانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ایک محفوظ اور پرامن ملک ہونے کی دلیل ثابت ہوگا۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ نے ہماری درخواست پر دورے میں دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کے اضافے پر آمادگی ظاہر کی۔ سیریز میں یہ اضافہ نہ صرف دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی تیاریوں میں معاونت کرے گا بلکہ اس سے نیوزی لینڈ کے کرکٹرز کو پاکستان میں مزید وقت گزارنے کا موقع بھی ملے گا، جس سے وہ پاکستانی ثقافت سے روشناس ہوسکیں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید کہا کہ اس دورے سے پاکستان  ایک مرتبہ پھر اپنی بہترین میزبانی سے دنیا کو یہ باور کروانے میں کامیاب ہوگا کہ یہاں کرکٹ مکمل طور پر بحال ہوچکی ہے۔ اس دورے سے نہ صرف باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں بلکہ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد میں اس کھیل کی مقبولیت میں اضافہ ہوگا ۔

چیف ایگزیکٹو نیوزی لینڈ کرکٹ ڈیوڈ وائیٹ کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے ہوم انٹرنیشنل سیزن کے آغاز میں پاکستان کا دوبارہ دورہ کرنے کے منتظر ہیں۔

ڈیوڈ وائیٹ نے کہا کہ بھارت سے باہر نیوزی لینڈ وہ پہلا ملک تھا جس نے پاکستان کا دورہ کیا اور ہمارے پی سی بی کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں۔ خوشی ہے کہ ایک مشکل وقت ختم ہونے کے بعد اب پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیاں دوبارہ  بحال ہوچکی ہیں۔

سپر لیگ میں پاکستان نو میچز کے بعد 40 پوائنٹس حاصل کرچکا ہے جبکہ نیوزی لینڈ تین میچ کھیل کر 30 پوائنٹس حاصل کرچکا ہے۔ لیگ میں شامل سات سر فہرست ٹیمیں اور میزبان بھارت کی ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں براہ راست رسائی حاصل کرلے گی۔

نیوزی لینڈ نے اس سے قبل نومبر 2003 میں آخری مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گئے تھے۔ 2003 کے بعد پاکستان اب تک تین مرتبہ نیوزی لینڈ کی میزبانی کرچکا ہے تاہم یہ تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تھے۔

شیڈول:

 11ستمبر: اسلام آبا د آمد

12تا14 ستمبر:روم آئسولیشن

15تا16ستمبر: ٹریننگ/ پریکٹس/ انٹرا سکواڈ میچ

17ستمبر:  پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ، راولپنڈی

19 ستمبر: دوسرا یک روزہ بین الاقوامی میچ، راولپنڈی

21 ستمبر: تیسرا ایک روزہ بین الاقوامی میچ، راولپنڈی

25 ستمبر: پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ، لاہور

26ستمبر: دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ، لاہور

29ستمبر: تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ، لاہور

یکم اکتوبر:چوتھا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ، لاہور

3 اکتوبر: پانچواں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ، لاہور

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ