ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: خوشدل اور آصف علی کی پاکستانی سکواڈ میں واپسی

پاکستان نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔

آصف علی نے اپنا 29واں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ اپریل میں زمبابوے کے خلاف کھیلا تھا (اے ایف پی)

پاکستان نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے لیے آصف علی اور خوشدل شاہ کو 15 رکنی سکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔

پیر کو اعلان کیے گئے سکواڈ میں پانچ بلے باز، دو وکٹ کیپر/بیٹسمین، چار آل راؤنڈر اور چار فاسٹ بولر شامل ہیں۔

یہی سکواڈ نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ اور انگلینڈ کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز میں بھی شرکت کرے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ سلیکٹرز نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے تجربے کاراور متوازی سکواڈ کا اعلان کیا ہے۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم کے مطابق سکواڈ کا انتخاب کرتے ہوئے انہوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے جدید دور کے برانڈ کو اپنانے اور اپنی تمام بنیادوں کا احاطہ کرنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سکواڈ متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔

’ہم نے ان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں، مہارتوں اور تجربے پر اعتماد کیا ہے جو دباؤ کے باوجود بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔‘

پاکستان کو نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف مجموعی طور پر سات ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے ہیں جو لاہور اور راولپنڈی میں 25 ستمبر سے 14 اکتوبر تک کھیلے جائیں گے۔

اس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم میگا ایونٹ میں شرکت کرے گی، جہاں اسے اپنا پہلا میچ 24 اکتوبر کو بھارت کے خلاف کھیلنا ہے۔

سکواڈ میں شامل ہونے والے آصف علی نے اپنا 29 واں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ اپریل میں زمبابوے کے خلاف کھیلا تھا جبکہ خوشدل شاہ نے اپنا نواں اور آخری میچ لاہور میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا تھا۔

محمد وسیم کا کہنا ہے کہ یقیناً آصف علی اور خوشدل شاہ کے نمبرز متاثر کن نہیں لیکن ان کی زبردست صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں۔

’یہ دونوں کھلاڑی مڈل آرڈر بلے بازوں کے لیے ہمارے دستیاب پول میں بہترین ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ یہ دونوں اپنی عمدہ کارکردگی سے مڈل آرڈر میں درپیش مشکلات کا حل دیں گے۔‘

انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم میں شامل 19 کھلاڑیوں میں سے ارشد اقبال، فہیم اشرف، فخر زمان، سرفراز احمد، شرجیل خان اور عثمان قادر سکواڈ کا حصہ نہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

محمد وسیم نے کہا: ’ہم سب جانتے ہیں کہ اعظم خان ایک جارحانہ بیٹسمین ہیں، جو وکٹ کپینگ بھی کرتے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں سرفراز احمد کی جگہ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ محمد وسیم جونیئر کو تیز بولنگ اور بڑے شاٹس مارنے کی صلاحیت کی وجہ سے فہیم اشرف پر ترجیح دی گئی ہے۔

’محمد وسیم جونیئر فاسٹ بولنگ یونٹ کو مضبوط کریں گے، جس میں حارث رؤف، حسن علی، محمد حسنین اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔‘

سکواڈ:

کپتان بابراعظم، نائب کپتان شاداب خان، آصف علی، اعظم خان، حارث رؤف، حسن علی، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی اور صہیب مقصود۔

عثمان قادر، فخر زمان اور شاہنواز دھانی بحثیت ریزرو کھلاڑی سکواڈ کے ساتھ رہیں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ