حکومت نے ن لیگ کی پالیسیوں کو رد کرکے معیشت بہتر بنائی: حماد اظہر

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنما معیشت کے بارے میں غلط ہیں۔

پی ٹی آئی حکومت کی معاشی پالیسی پر شہبازشریف کی تنقید کے بعد وفاقی وزیر حماد اظہر نے حکومتی پالیسیوں کا دفاع کیا(تصاویر: حماد اظہر آفیشل فیس بک پیج /اے ایف پی فائل)

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی حکومتی پالیسیوں پر تنقید کے بعد وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے ن لیگ کی پالیسیوں کو رد کر کے معیشت کو بہتر کیا ہے۔

ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہفتے کو ایک پریس کانفرنس میں مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ معاشی صورتحال تیزی سے خراب ہو رہی ہے اسے کنٹرول نہ کیا گیا تو معاملہ ہاتھ سے نکل جائے گا۔

ان کی تنقید کے جواب میں ہفتے کی شام وفاقی وزیر حماد اظہرنے کہا کہ ’اگر ن لیگ کی پالیسیوں کا تسلسل رہتا تو ملک تباہی کے دھانے پر پہنچ جاتا۔‘

انہوں نے کہا: ’شہباز شریف پہلے بھی غلط تھے اور آج بھی معیشت کے حوالے سے غلط ہیں۔ ملک میں مہنگائی اس وجہ سے بڑھ رہی ہے کہ عالمی سطح پر مہنگائی ہو رہی ہے۔ عالمی منڈی میں جیسے قیمتیں کم ہوں گی پاکستان میں بھی کمی ہو جائے گی۔‘

 وفاقی وزیر کے بقول: ’عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں غربت میں کمی آئی ہے۔ پاکستان کی معیشت کی شرح پانچ فیصد سے ترقی کر رہی ہے۔ اور پانچ فیصد شرح نمو کا مطلب ہے کہ ملک میں بے روزگاری کم ہو رہی ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سے قبل مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ’ملک شدید مشکلات کا شکار ہے اگر یہی حالت رہے تو قرضے لے کر دفاع کا تحفظ کرنا پڑے گا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی صورتحال تیزی سے خراب ہو رہی ہے اسے کنٹرول نہ کیا گیا تو معاملہ ہاتھ سے نکل جائے گا۔ ’آئی ایم ایف سے پیسے لے کر پاکستان کو غلام بنایا جا رہا ہے اس صورتحال سے باہر نکلنا ہوگا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’پی ٹی آئی اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے۔‘

شہباز شریف نے الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’حکومت کی بدنیتی سامنے ہے کہ آر ٹی ایس کی طرح ای وی ایم کو بھی بند کریں گے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے پاس حکومت کے خلاف بہت سے آپشن ہیں اور تحریک عدم اعتماد لانے پر پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر مشاورت ہوگی۔

پی ٹی آئی کے فارن فنڈگ کیس کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو جلد کیس میں فیصلہ سنانا چاہیے ’تاکہ ہمیں چور ڈاکو کہنے والوں کا دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے۔‘

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن مہنگائی کے خلاف مارچ بھی نکالے گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست