شاہین شاہ اور بابر اعظم پی ایس ایل میں جم کر ’مقابلے‘ کو تیار

لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ انہوں نے بابر اعظم کے خلاف بولنگ کی بھرپور تیاری کرلی ہے جبکہ کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی بہترین بولرز میں سے ایک ہیں، لہذا انہیں توجہ سے کھیلنا پڑے گا۔

 لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی (بائیں)  اور  کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم (دائیں) - (فائل تصاویر: اے ایف پی)

پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے لیے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ انہوں نے بابر اعظم کے خلاف بولنگ کی بھرپور تیاری اور منصوبہ بندی کرلی ہے جبکہ کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی پاکستان کے بہترین بولرز میں سے ایک ہیں، لہذا انہیں توجہ سے کھیلنا پڑے گا۔

گذشتہ شب نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے لاہور قلندر کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ کراچی کنگز کے خلاف میچ میں بابر اعظم کے خلاف منصوبہ بندی کرکے بولنگ کریں گے کیونکہ وہ سب سے زیادہ مایہ ناز بلے باز ہیں۔

اس کے بعد گذشتہ روز ہی پی ایس ایل کے ایونٹ سے قبل ایک آن لائن پریس کانفرنس کے دوران بابر اعظم نے اس بات کو تسلیم کیا کہ شاہین شاہ بہترین بولرز میں سے ایک ہیں اور وہ انہیں توجہ سے کھیلیں گے۔

انہوں نے کہا: ’شاہین کی کارکردگی میں روزانہ کی بنیاد پر بہتری آ رہی ہے اور وہ منصوبہ بنا کر بولنگ کرتے ہیں۔‘

کرونا (کورونا) وائرس کے باعث اس بار ایونٹ میں بائیو سکیور ببل کی پابندیاں سخت ہوگئی ہیں اور کھلاڑیوں کو آن لائن پریس کانفرنسز میں شرکت کرنی پڑ رہی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گذشتہ شب ہی ایک اور آن لائن پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ایس ایل کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کووڈ 19 کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات کو مشکل قرار دیا۔

ایک سوال کے جواب میں شاداب خان نے بتایا کہ وہ اس بار اپنا بیٹنگ آرڈر اوپر لے کر جائیں گے جو ان کی ٹیم پلاننگ کا حصہ ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز ہونے والا ہے اور اس سلسلے میں سرگرمیاں تیز ہوتی جارہی ہیں۔

روزانہ کھلاڑیوں کے بیانات سامنے آ رہے ہیں اور کرونا سے متعلق خدشات اور اقدامات پر بات چیت ہو رہی ہے۔

کراچی میں ٹریفک سے متعلق مسائل اور ان کے حل پر گفتگو ہو رہی ہے لیکن شائقین کو صرف سٹیڈیم میں میچ دیکھنے سے متعلق این سی او سی کے اُس فیصلے کا انتظار ہے، جس میں سو فیصد تعداد کو میچ دیکھنے کی اجازت مل جائے، لیکن بظاہر کراچی میں کرونا کیسز کی تعداد اور شرح دیکھ اس کے امکانات کم ہی ہیں۔

اُدھر پی ایس ایل کے ترانے کا شائقین کرکٹ کو بے صبری سے انتظار ہے۔ اس کا ایک ٹیزر گذشتہ روز جاری کیا گیا تھا اور باقاعدہ ترانہ آج یعنی پیر کو جاری کیا جائے گا۔

اس ترانے میں معروف گلوکار عاطف اسلم اور گلوکارہ آئمہ بیگ اپنی آواز کا جادو جگائیں گے جبکہ موسیقار عبداللہ صدیقی نے اسے کمپوز کیا ہے۔

پی ایس ایل کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ترانے کا ٹائٹل ’آگے دیکھ‘ بتایا گیا ہے۔ پی ایس ایل کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ٹک ٹاک، پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے آفیشل ترانے کو سپانسر کرے گا۔

اس شراکت داری کے تحت ٹک ٹاک وہ پہلا ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہوگا جہاں پی ایس ایل کا یہ آفیشل ترانہ سب سے پہلے متعارف کیا جائے گا۔

پاکستانی گلوکار و اداکار عاطف اسلم پہلی بار پی ایس ایل کے ترانے میں اپنی آواز شامل کریں گے لیکن آئمہ بیگ اس سے قبل گذشتہ ترانے میں شامل تھیں، جس میں ان کے علاوہ نصیبو لال بھی شامل تھیں۔ ’گروو میرا‘ کو شائقین نے پسند بھی کیا تھا اور اس کے بول پر ناقدین نے تنقید بھی کی تھی۔

عاطف اسلم پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں پرفارم کرچکے ہیں لیکن ترانہ گانے کا یہ ان کا پہلا تجربہ ہوگا۔

پاکستانی گلوکار علی ظفر وہ گلوکار ہیں جنہوں نے پی ایس ایل کے سب سے زیادہ ترانے گائے ہیں۔ انہوں نے آفیشل اینتھمز کے علاوہ اپنے شائقین کے اصرار پر بھی اینتھم بنائے تھے جو خاصے مقبول ہوئے تھے۔

 

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ