پشاور کی بزنس ٹیم 10 لاکھ کا انعام جیت گئی

اسلام آباد کی ڈیف ٹاک ٹیم دوسری جبکہ کراچی کی رییسٹ باکس اور پشاور کی اپرس مشترکہ طور پر تیسرے نمبر آئیں۔

پشاور کی نینو آئی ٹی  نے  ورچوئل حقیقت  کے استعمال سے  تعلیم   کا  منصوبہ پیش کیا  اور وہ جیتی ہوئی رقم اپنی کمپنی کے ابتدائی سرمایہ کے طو ر پر استعمال کرے گی۔

کاروباری لوگ ہمارے رہن سہن اور کام کرنے کے انداز تبدیل کر سکتے ہیں۔ ان کی جدت طرازیاں اکثر ہماری زندگی کا معیار بہتر بناتی ہیں جب کہ ان کے کاروباری تجربات، سرمایہ اور ملازمتیں تخلیق کر کے ایک خوشحال معاشرہ وجود میں لانے کے اسباب پیدا کرتے ہیں۔

امریکی سفارت خانے  نے پاکستانی نوجوانوں کے ساتھ  سٹارٹ اپ کپ کے انعقاد میں شراکت داری کی، جس میں پاکستان کے کاروباری افراد اپنے تجارتی منصوبوں کے لیے اعانت کے حصول کی غرض سے حصہ لیتے ہیں۔

پانچویں اسٹارٹ اپ کپ بزنس ماڈل مقابلے  کے فائنل میں پشاور کی ٹیم  نے دس لاکھ روپے مالیت کا اول انعام حاصل کرکے بقیہ18 ٹیموں پر سبقت حاصل کی –  پشاور کی نینو آئی ٹی  نے  ورچوئل حقیقت کے استعمال سے تعلیم کا منصوبہ پیش کیا اور وہ جیتی ہوئی رقم اپنی کمپنی کے ابتدائی سرمایہ کے طو ر پر استعمال کرے گی۔

اسلام آباد کی ڈیف ٹاک ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کی اور اسے سماعت سے محروم افراد کے لیے آن لائن وڈیوز کے ذریعے اشاروں کی زبان کے استعمال کا منصوبہ ترتیب دینے پر ساڑھے سات لاکھ  روپے جبکہ کراچی کی رییسٹ باکس اور پشاور کی اپرس مشترکہ طور پر تیسرے نمبر اور پانچ لاکھ روپے انعام کی حقدار ٹھہریں۔

امریکی سفارتخانہ کے قائم مقام   سفیر پال جونز نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فاتحین کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ ان کے کاروباری منصوبے مستقبل کو بدلنے، تخلیقی سفر کو آگے بڑھانے اور پاکستان اور دنیا بھر میں لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کا موقع  فراہم کرتے ہیں۔

’امریکہ آپ لوگوں کے ، جو پاکستان کےابھرتے ہوئے کاروباری افراد ہیں، خوابوں کوعملی شکل دینے کے لیے آپ  کے ساتھ شراکت داری جاری رکھے گا کیونکہ ہم آپ کے کام کی اہمیت سے واقف ہیں۔‘   

انڈس انٹر پرینیوئرز (ٹی آئی اِی) اسلام آباد کی صدر سارہ ہاشوانی کا کہنا تھا: ’یہ شاندارسفر ہے۔ ہم  یہاں جن نوجوانوں سے ملے، انھوں نے ہمیں متاثر کیا۔ میں ان تمام لوگوں کی مشکور ہوں، جو ان سالوں میں آگے بڑھے اور پورے یقین اور حوصلے کے ساتھ نئے کاروبار کا آغاز کیا۔‘

امسال ہونے والے مقابلوں کے لیے ٹی آئی اِی اسلام آباد  نے ملک بھر سے موصول ہونے والے 1500 سے زیادہ کاروباری منصوبوں کا جائزہ لیا اور ان میں سے 80 ٹیموں کواسٹارٹ اپ کپ کے چھ ماہ کی تربیت اور سرگرمیوں میں شرکت کے لیے منتخب کیا۔

ان سرگرمیوں میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، فیصل آباد، پشاور اور کوئٹہ میں منعقد ہونے والی ورکشاپس، تربیتی مواقع اور آزمائشی  نشستیں شامل تھیں۔ علاقائی مقابلوں کے بعد 18 ٹیموں کو اسلام آباد میں ہونے والے فائنل مقابلوں کے لیے منتخب کیا گیا۔

اسٹارٹ اپ کپ پاکستان کے بارے میں مزید معلومات کے لیے  ویب سائیٹ ملاحظہ کیجیے

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی نئی نسل