بابر اعظم کو دعا کے ذریعے آؤٹ کروں گا: مشتاق احمد

پاکستان کے سابق سٹار بولر اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز کے بولنگ کوچ مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ میرے لیے بابر اعظم کو آؤٹ کرنے کا طریقہ صرف دعا ہی ہے۔

سابق سٹار بولر اور پی ایس ایل کی ٹیم ملتان سلطانز کے بولنگ کوچ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ ٹیم اور کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم کو آؤٹ کرنے کے لیے دعا کا سہارا لیں گے۔

انڈپینڈنٹ اردو کے خصوصی پروگرام ’انڈی کی گوگلی‘ میں بات کرتے ہوئے مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ ’اگر مجھے بابر اعظم کو بولنگ کے ذریعے آؤٹ کرنا پڑا تو دعا کروں گا۔‘

مشتاق احمد نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ملتان سلطانز کی پی ایس ایل سیون میں پانچوں میچوں میں فتح حاصل کرنے کی وجہ قیادت ہے۔‘

مشتاق احمد نے ٹائٹل کا دفاع کرنے والی ٹیم ملتان سلطانز کی فتوحات پر مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ’جیت کے پیچھے لیڈر شپ کا کردار ہوتا ہے جس میں سارے کوچز ، ٹیم مینیجر اور ٹیم کا بھی کردار ہوتا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ٹیم میں سب سے اہم کردار کپتان کا ہوتا ہے اور محمد رضوان بہت بہترین لیڈر ہیں اور تمام کھلاڑی ان کی بہت عزت کرتے ہیں۔‘

یاد رہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد کا شمار دنیا کے بہترین لیگ اسپنرز میں ہوتا رہا ہے اور وہ پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کے اسپن بولنگ کوچ بھی ہیں۔

مشتاق احمد نے بتایا کہ ’محمد رضوان جو بھی بتاتے ہیں تمام کھلاڑی اس پر عمل کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ملتان سلطانز کی کامیابی کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ جُڑ کر کھیلتے ہیں اور یونائیٹڈ ہو کر کھیلتے ہیں۔‘

مشتاق احمد سے سوال کیا گیا کہ اگر وہ بولر ہوں تو کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم کو کیسے آوٹ کرتے؟ اس پر ان کا کہنا تھا کہ ’میں دعا کرتا اور کہتا بابر اعظم آوٹ ہو جاؤ۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا کہنا تھا ’اب میرا وقت گزر چکا ہے۔ بابر اعظم دنیا مایہ ناز بلے باز ہے اور یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ وہ پاکستانی ہے۔‘

افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان پی ایس ایل سیون میں لاہور قلندرز کی ٹیم کا حصہ ہیں۔ ان کی کامیابی کی وجہ مشتاق احمد نے ’بنیاد سے جڑے رہنے‘ کو قرار دیا۔

مشتاق احمد نے بتایا کہ ’راشد خان کی لائن اینڈ لینتھ اور رفتار اتنی تیز ہے کہ وہ اس سے ہٹتا نہیں چاہے اسے وہاں سے چھکا ہی کیوں نہ لگے۔‘

مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ ’راشد خان کا ہاتھ کان کے بہت قریب سے آتا ہے جسے سمجھنا بہت مشکل ہے کہ لیگ بریک ہے یا گوگلی ہے۔‘

ملطان سلطانز کے کھلاڑی خوش دل شاہ اس پی ایس ایل میں بطور آل راؤنڈر سامنے آئے ہیں۔ ان کی بولنگ میں بہتری کے بارے میں مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ ’وہ نیٹ میں آکر لمبی بولنگ کرتے ہیں اور سوال پوچھتے ہے۔‘

 مشتاق احمد نے بتایا کہ ’خوش دل شاہ میں نیٹ بولنگ کے دوران کریس کے اینگلز کو سمجھتے رہتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’خوش دل شاہ کی کامیابی کی سب سے بڑی وجہ ہے ان کا بڑا دل جس ی وجہ سے وہ ٹی ٹوئنٹی میں سکور پڑنے سے نہیں گھبراتا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ