رضوان کا ’گیئر تبدیل‘ کرنا اور کراچی کنگز کا پھر سے ہار جانا

ملتان سلطانز کو اس میچ میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے آخری اوور میں نو رنز درکار تھے جو کریز پر موجود خوشدل شاہ اور رائیلی روسو نے تین گیندوں پر ہی پورے کر دیے۔

محمد رضوان 16 فروری کو  لاہور میں کراچی کنگز کے خلاف میچ میں بلے بازی کرتے ہوئے (اے ایف پی)

پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں کراچی کنگز کو اپنے لگاتار آٹھویں میچ میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا جب ملتان سلطانز نے اس کے خلاف سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔

ملتان سلطانز کو اس میچ میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے آخری اوور میں نو رنز درکار تھے جو کریز پر موجود خوشدل شاہ اور رائیلی روسو نے تین گیندوں پر ہی پورے کر دیے۔

خوشدل شاہ نے نو گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 21 جبکہ روسو نے پانچ گیندوں پر ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر 14 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کے 174 رنز کے جواب میں ملتان سلطانز نے اننگز کا آغاز کیا تو اس ٹورنامنٹ میں ہر بار کی طرح کپتان محمد رضوان  اور شان مسعود نے اپنی ٹیم کو مضبوط شروعات فراہم کی۔

ملتان کے اوپنرز  نے قدرے سست رفتاری سے رنز بنائے مگر اس دوران وکٹ بھی نہیں گرنے دی اور پہلی وکٹ کی  شراکت میں سکور بورڈ پر سو رنز جوڑ دیے۔

پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز شان مسعود تھے جنہوں نے 45 رنز سکور کیے۔ ایک وقت میں ملتان سلطانز کو  ہر اوور میں 12 رنز سے زائد کی اوسط درکار تھی  اور کراچی کنگز کے بولرز کافی نپی تلی بولنگ کر رہے تھے مگر اسی لمحے محمد رضوان نے اچانک سے گیئر تبدیل کیا اور رنز بنانے کی اوسط کو تیز کر دیا۔

محمد رضوان نے عمید آصف کے ایک ہی اوور میں چار چوکے لگائے اور مجموعی طور پر 18 رنز بنائے جس سے ملتان سلطانز ہدف کے قریب تو آ گیا مگر اگلے ہی اوور میں کرس جورڈن نے انہیں 76 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کر کے میچ کو ایک بار پھر سنسنی خیز بنا دیا۔

محمد رضوان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کراچی کنگز کی جانب سے میر حمزہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جن میں  ایک انتہائی اہم وکٹ ٹم ڈیوڈ کی بھی شامل ہے۔

اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کے 23ویں میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا  تو اسے آغاز میں ہی اس وقت بڑا نقصان ہوا جب اننگز کے دوسرے ہی اوور میں بابر اعظم آؤٹ ہو گئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بابر اعظم صرف دو رنز ہی بنا سکے اور انہیں رومان رئیس نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

اس کے بعد کراچی کنگز کی اننگز کو شرجیل خان اور جو کلارک نے سہارا دیا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 72 رنز بنائے۔ شرجیل خان   36 اور جو کلاک 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بعد میں محمد نبی، روہیل نذیر اور عماد وسیم نے تیز رفتار اننگز کھیلیں جس سے کراچی کنگز کی ٹیم  174 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے شہنواز دہانی نے دو جبکہ سوائے آصف آفریدی کے باقی تمام بولرز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ