پی ایس ایل: لاہور میں ٹریفک پولیس نے بھی کرکٹ پچ سجالی

قذافی سٹیڈیم کے باہر لاہور ٹریفک پولیس نے ایک پچ بنا رکھی ہے، جہاں ٹریفک وارڈنز وقتاً فوقتاً کرکٹ کھیل کر اپنا پی ایس ایل کا شوق بھی پورا کرتے ہیں۔

لاہور میں جاری پاکستان سپر لیگ (ایچ بی ایل پی ایس ایل) 7 کے میچز دیکھنے کے لیے جب شائقین کرکٹ قذافی سٹیڈیم پہنچتے ہیں تو ان کا استقبال وہاں پولیس کے ساتھ ساتھ لاہور ٹریفک پولیس بھی اپنے منفرد انداز میں کرتی ہے۔

سٹیڈیم کے باہر لبرٹی چوک سے ہی شائقین کے لیے مختلف قسم کے سٹالز لگائے گئے ہیں، جن میں لاہور پولیس کی خواتین وارڈنز کا پھولوں کا سٹال اور ٹریفک پولیس کی جانب سے چائے کا سٹال بھی شامل ہے۔

لیکن اس سے بھی دلچسپ بات یہ ہے کہ ان ہی سٹالز کے سامنے لاہور ٹریفک پولیس نے ایک پچ بنا رکھی ہے جس پر وہ وقتاً فوقتاً کرکٹ کھیل کر اپنا شوق پورا کرتے ہیں۔

اور صرف مرد ہی نہیں خواتین پولیس وارڈنز بھی یہاں کرکٹ کھیلتی ہیں۔ اور تو اور پی ایس ایل میچ دیکھنے کے لیے آنے والے لوگ بھی اگر چاہیں تو سٹیڈیم میں داخل ہونے سے پہلے ان پولیس والوں کے ساتھ ان کی پچ پر چوکے چھکے لگا سکتے ہیں۔

لاہور ٹریفک پولیس کے وارڈن عثمان کا کہنا ہے کہ اس طرح کرکٹ کھیل کر وہ آنے والے لوگوں کو ایک اچھا ماحول فراہم کر رہے ہیں اور ساتھ ساتھ ٹریفک کے متعلق بھی آگاہی دے رہے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ٹریفک وارڈن ذیشان کہتے ہیں کہ پی ایس ایل کے دنوں میں تو ہر کوئی کرکٹ کھیلنا چاہتا ہے۔ ’یوں کرکٹ کھیلنے کا مقصد عوام کے لیے ایک دوستانہ ماحول مہیا کرنا تھا۔‘

 ’دراصل یہ ایک سافٹ پیغام ہے حکومت پاکستان کی جانب سے کہ عوام آئے اور کرکٹ سے لطف اندوز ہو۔ ہمارا کام کرکٹ کھیلنا نہیں ہے۔ ہمارا کام پی ایس ایل کا فروغ ہے اور شائقین کو ٹریفک قوانین کے حوالے سے بھی آگاہی دیتے ہیں۔‘

دوسری جانب ٹریفک وارڈن فہمیدہ ذیشان نے بتایا کہ اعلی حکام کے کہنے پر ٹریفک پولیس نے یہاں ایجوکیشن کیمپ لگایا ہے۔ انہوں نے بتایا: ’یہاں ہمارا کام شائقین کرکٹ کو پھول دے کر خوش آمدید کہنا ہے۔ اس کے علاوہ جو لوگ آرہے ہیں ان کے لیے چائے کا سٹال بھی ہم نے لگایا ہے۔ جو لوگ آتے ہیں انہیں چائے پلائی جاتی ہے، بچوں کو جوس اور پھر انہیں پھول دے کر آگے بھجوایا جاتا ہے۔‘

فہمیدہ نے مزید بتایا: ’یہ پچ ہم نے اس لیے بنائی ہے کہ عوام کرکٹ کا جو مزہ سٹیڈیم کے اندر لینا چاہتے ہیں وہ ہم انہیں کچھ حد تک باہر سے بھی دے کر بھیجیں۔ سو جو لوگ یہاں آتے ہیں وہ پہلے ہماری پچ پر کرکٹ کھیلتے ہیں اور پھر اندر سٹیڈیم میں جاکر کرکٹ دیکھتے ہیں۔‘

عام شہریوں کا تاہم کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کے ساتھ ان کے تعلقات پچ پر نہیں سڑک پر بہتر کرنے کی زیادہ ضرورت ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ