اسلام آباد یونائیٹڈ کو پشاور زلمی کے ہاتھوں 10 رنز سے شکست

پشاور زلمی نے جیت کے لیے 207 رنز کا ہدف دیا لیکن اسلام آباد یونائیٹڈ سات وکٹوں پر 196 رنز بنا سکی۔

17 فروری، 2022 کو لاہور میں پی ایس ایل کے ایک میچ میں پشاور زلمی کے کھلاڑی اسلام آباد یونائیٹڈ کے رحمان اللہ گرباز کے آؤٹ ہونے پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں (اے ایف پی)

پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سلسلے میں جمعرات کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 10 رنز سے ہرا دیا۔

فاتح ٹیم ٹورنامنٹ میں پانچ فتوحات کی بدولت 10 پوائنٹس حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر پہنچ چکی ہے۔

اسلام آباد کو جیت کے لیے مقررہ 20 اوورز میں 207 رنز درکار تھے۔ تاہم اعظم خان کی 45 گیندوں پر 85 اور رحمٰن اللہ گرباز کی 19 گیندوں پر 46 رنز کی دھواں دھار اننگز کے باوجود اسلام آباد کی ٹیم مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز ہی بنا سکی۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کے اوپنر رحمٰن اللہ گرباز نے 19 گیندوں پر242 پانچ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 46 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ انہوں نے مبصر خان کے ہمراہ 54 رنز کی شراکت قائم کی۔

ان کے پویلین واپس لوٹنے پر اعظم خان نے کمان سنبھالی اور میدان کے چاروں اطراف چھکوں چوکوں کی برسات کردی۔

تاہم وہ بھی اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ اعظم خان نے 45 گیندوں پر 188 سے زائد کے سٹرائیک ریٹ سے سات چھکوں اور چھ چوکوں کی بدولت 85 رنز بنائے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اسلام آباد کو جیت کے لیے آخری اوور میں 22 رنز درکار تھے تاہم موسیٰ خان اور مرچنٹ ڈی لانگے میچ کی آخری چھ گیندوں پر صرف 11 رنز ہی سکور کرسکے۔

پشاور زلمی کے سلمان ارشاد نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 29 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ کپتان وہاب ریاض نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے پہلے پشاور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے محمد حارث کی جارحانہ نصف سنچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے۔ حارث نے 32 گیندوں پر 70 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جس میں پانچ چھکے اور سات چوکے شامل تھے۔

تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک 38 اور یاسر خان 35 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ فہیم اشرف نے تین جبکہ وقاص مقصود نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ