کراچی کنگز: آٹھ میچوں میں شکست کے بعد پہلی فتح

دوسری جانب دفاعی چیمپیئن ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 117 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی جو پی ایس ایل کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی شکست ہے۔

کراچی کنگز کے کھلاڑی 18 فروری، 2022 کو لاہور میں لاہور قلندرز  کے بلے بازکامران غلام  کی وکٹ ملنے پر خوشی منا رہے ہیں (اے ایف پی)

کراچی کنگز نے پاکستان سپر لیگ سیون میں آٹھ شکستوں کے بعد آخر کار اپنا پہلا میچ جیت لیا۔

کراچی کو پہلی فتح جمعے کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں اس وقت ملی جب اس نے لیگ کے چھبیسویں میچ میں لاہور قلندرز کو 22 رنز سے ہرایا۔

میچ میں شکست کے باوجود لاہور قلندرز 10 پوائنٹس کے ساتھ پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کرچکی ہے۔

لاہور کی ٹیم آج 150 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز ہی بنا سکی۔

فاتح ٹیم کے میرحمزہ نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 27  رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں فخر زمان اور عبداللہ شفیق پر مشتمل لاہور کی ان فارم اوپننگ جوڑی متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی اور محض 10 کے مجموعی سکور پر دونوں اوپنر آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ دونوں بیٹرز کو میر حمزہ نے آؤٹ کیا۔

اس کے بعد تجربہ کار محمد حفیظ نے لاہور کی کمان سنبھالی اور تیسری وکٹ کے لیے کامران غلام کے ہمراہ 42 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی۔

تاہم وہ بھی 33 کے انفرادی سکور پر رن آؤٹ ہوگئے۔ کامران غلام نے13 رنز سکور کیے۔ لاہور قلندرز کی آدھی ٹیم 64 رنز پر پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔ ایسے میں ڈیوڈ ویزے اور ہیری بروک نے چھٹی وکٹ کے لیے 55 رنز کی شراکت قائم کی۔

لاہور کو جیت کے لیے آخری 12 گیندوں پر 31 رنز درکار تھے۔ تاہم میرحمزہ نے ایک ہی اوور میں دو سیٹ بلے بازوں ڈیوڈ ویزے اور ہیری بروک کو آؤٹ کرکے میچ میں کراچی کنگز کی فتح یقینی بنا دی۔ ڈیوڈ ویزے 31 اور  ہیری بروک 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

میرحمزہ نے چار جبکہ کرس جارڈن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل کراچی کنگز کی پوری ٹیم نوجوان فاسٹ باؤلر زمان خان اور لیگ سپنر راشد خان کی نپی تلی باؤلنگ کی بدولت 19.5 اوورز میں 149 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

اوپنر شرجیل خان 39 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ڈبل فگرز میں داخل ہونے والے باقی چار بلے باز لوئس گریگری 27، قاسم اکرم 26 اور روحیل نذیر 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

زمان خان اور راشد خان نے بالترتیب 16 اور 17 رنز کے عوض چار، چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

محمد حفیظ اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے بڑی شکست

آج کھیلے گئے پہلے میچ میں دفاعی چیمپیئن ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 117 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی جو پی ایس ایک کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی شکست ہے۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور عمدہ بیٹنگ پرفارمنس کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 245 رنز کا ہدف دیا۔

محمد رضوان سمیت ملتان سلطانز کے ان فارم ٹاپ آرڈر بلے بازوں رائیلی روسو اور شان مسعود نے نصف سنچریاں سکور کر کےاس ایڈیشن کا پہلا جبکہ  لیگ کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا مجموعی سکور کیا۔

246 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور  پوری ٹیم صرف  128 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سات بلے باز ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ عمر اکمل نے 23 گیندوں پر چھ چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

عمر اکمل کے علاوہ جیسن رائے نے 38 اور سرفراز احمد نے ناٹ آؤٹ 17 رنز سکور کیے۔

ملتان سلطانز کے ڈیوڈ ویلے، شاہنواز دہانی، خوشدل شاہ اور آصف آفریدی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عمران طاہر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سے قبل ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنائے تھے جو پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا مجموعی سکور ہے۔ 

کپتان محمد رضوان اور شان مسعود کی جوڑی نے فاتح ٹیم کو 119 رنز کا بہترین آغاز فراہم کرکے بڑے مجموعے کی بنیاد رکھی۔

محمد رضوان نے 54 گیندوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 83 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

شان مسعود 150 کے سٹرائیک ریٹ سے ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے 57 نز بناکر آؤٹ ہوئے۔

جبکہ بعد میں آنے والے جنوبی افریقی بلے باز رائیلی روسو 26 گیندوں پر 273 کے سٹرائیک ریٹ سے 71 رنز کی برق رفتار اننگز کھیی۔ ان کی اننگز میں نو چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔

یاد رہے کہ یہ ملتان سلطانز کی ٹورنامنٹ میں آٹھویں فتح ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ