کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیسن رائے کی طوفانی بیٹنگ نے میلہ لوٹ لیا

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے پہلے مرحلہ کے آخری میچ میں لاہور قلندرز کو سات وکٹ سے شکست دے دی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیسن رائے 7 فروری 2022 کو کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے درمیان پاکستان سپر لیگ کرکٹ میچ میں ایک شاٹ کھیل رہے ہیں (اے ایف پی)

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے پہلے مرحلہ کے آخری میچ میں لاہور قلندرز کو سات وکٹ سے شکست دے دی۔

میچ کی خاص بات کوئٹہ کے جیسن رائے کی طوفانی بیٹنگ تھی جنہوں نے لیگ میں اپنی پہلی سنچری مکمل کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو رواں سیزن کی دوسری فتح دلادی۔

جیسن رائے نے اس طرح بیٹنگ کی کہ وہ آئے اور چھا گئے۔ انھوں نے پہلی گیند سے لاہور قلندرز کے بولرز کو باؤنڈری کا راستہ دکھانا شروع کردیا تھا۔

 ان کی بیٹنگ نے کراچی کے شائقین کو آخری میچ میں بہت محظوظ کیا۔

جیسن رائے نے 116 رنز کی اننگز کھیلی جس میں آٹھ چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ ان کے ہر شاٹ میں مکمل کنٹرول اور بھرپورطاقت تھی، جس سے ہر شاٹ درست گیا اور ان کی اننگز میں کہیں بھی قلندرز کے بولرز کو موقع نہیں ملا کہ پریشان کرسکیں۔

ان کی ٹی ٹونٹی میں پانچویں اور اس لیگ کی بارہویں سینچری تھی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے 205 رنز کا ہدف ان کی سابقہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ناممکن تھا لیکن جیسن رائے کی زبردست بیٹنگ نے آسان تر نوالہ بنا دیا۔

دوسرے برطانوی کھلاڑی جیمس ونس نے بھی عمدہ ساتھ دیا اور ناقابل شکست 49 رنز کی اننگز کھیلی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دونوں بلے بازوں نے 97 رنزکی رفاقت کرکے کوئٹہ کو جیت کے قریب پہنچادیا۔ جس کو محمد نواز نے تین گیندیں قبل ہی چھکا لگا کر منزل سے ہمکنار کردیا۔

اس سے قبل لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 204 رنز بنائے فخر زمان نے ایک بار پھر عمدہ بیٹنگ کی اور 70 رنز بنائے۔ لاہور کےاتنے بڑے مجموعے کے لیے سب سے زیادہ تگ و دو ہیری بروک اور ڈیوڈ ویسا نے کی۔

جنہوں نے صرف 20 گیندوں میں 55 رنز بنا کر وقتی طور پر کوئٹہ کو پریشان کردیا تھا۔

کراچی میں ہونے والے آخری میچ میں دونوں ٹیموں کی فیلڈنگ غیر معیاری رہی فخر زمان نے دو کیچ ڈراپ کیے جبکہ کوئٹہ کے فیلڈرزکی سستی کے باعث لاہور کے کھلاڑی ایک کی جگہ دو رنز لیتے رہے۔

جیسن رائے کو زبردست سینچری پر میچ کے بہترین کھلاڑی کے انعام سے نوازا گیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آج کی جیت سے اب چار پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر براجمان ہوگئی ہے۔

پی ایس ایل کا دوسرا مرحلہ 10 فروری سے لاہور میں شروع ہوگا۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ