پی ایس ایل: اسلام آباد نے پشاور کو ہرا کر دوسرے ایلیمنیٹر میں جگہ بنا لی

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایلکس ہیلز کی شاندار بلے بازی کی بدولت پشاور زلمی کو پانچ وکٹوں سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے دوسرے ایلیمنیٹر میں جگہ بنا لی۔

24 فروری، 2022 کو لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایلیمنیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی پشاور زلمی کے بلے باز یاسر خان کے آؤٹ ہونے پر خوشی منا رہے ہیں (اے ایف پی)

پاکستان سپر لیگ سیون کے پہلے ایلیمنیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے جمعرات کو ایلکس ہیلز کی شاندار بلے بازی کی بدولت پشاور زلمی کو پانچ وکٹوں سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے دوسرے ایلیمنیٹر میں جگہ بنا لی۔

قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد نے 170 رنز کا ہدف تین گیندیں قبل پانچ  وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں اوپنر ہیلز نے 62 رنز کی اننگز کھیل کر اسلام آباد کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔

اس دوران انہوں نے ول جیکس اور شاداب خان کے ہمراہ بالترتیب 34 اور 43 رنز کی شراکت قائم کی۔ جیکس 11 اور شاداب 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

49 گیندوں پر مشتمل ہیلز کی اننگز میں تین چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔ آصف علی سات رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ایسے میں فہیم اشرف نے اعظم خان کے ہمراہ جارحانہ انداز اپناتے ہوئے پشاور کے تمام باؤلرز کو آڑھے ہاتھوں لیا اور پانچویں وکٹ کے لیے 41 رنز کی شراکت قائم کی۔

اسلام آباد کو جیت کے لیے آخری چھ گیندوں پر 10 رنز درکار تھے۔ تاہم بینی ہاؤل نے میچ کے آخری اوور کی پہلی گیند پر اعظم خان کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکےمیچ کو دلچسپ بنا دیا۔ وہ 22 گیندوں پر 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

نئے آنے والے بلے باز لیام ڈاسن نے اگلی دو گیندوں پر ایک چھکا اور ایک  چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔ وہ دو گیندوں پر 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

فہیم اشرف دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ سلمان ارشاد نےعمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 31 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ خالد عثمان اور بینی ہاؤل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سے قبل کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پشاور نے اوپنر کامران اکمل اور تجربہ کار بلے باز شعیب ملک کی نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کے لیے 40 رنز کی شراکت قائم کی۔

کامران 39 گیندوں پر دو چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 58 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ شعیب نے دو چھکوں اور چار چوکوں کی بدولت 55 رنز کی اننگز کھیلی۔

زلمی کے تیسرے نمایاں بلے باز حسین طلعت رہے۔ انہوں نے 15 گیندوں پر پانچ چوکے لگا کر 28 رنز بنائے۔

حسن علی نے 30 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ فہیم اشرف اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ