فاکنر کی بدتمیزی پاکستان کرکٹ کو بدنام کرنے کی کوشش ہے: پی سی بی

آسٹریلوی آل راؤنڈر نے پی سی بی پر جھوٹ بولنے اور معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا جس کے بعد بورڈ نے ان پر پابندی عائد کر دی۔

23 ستمبر،  2017  کو اندور میں آسٹریلین کرکٹر جیمز فالکنر پریکٹسن سیشن میں حصہ لے رہے ہیں (اے ایف پی)

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولر جیمز فاکنرنے ہفتے کو لیگ سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔

آسٹریلوی آل راؤنڈر کا کہنا ہے کہ لیگ انتظامیہ ان کے ساتھ کیے گئے معاہدے کی شرائط پوری کرنے میں ناکام رہی۔ تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ یہ دعویٰ سختی سے مسترد کر چکا ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق فاکنرکا دعویٰ ہے کہ پی سی بی نے لیگ میں ان کے چھ میچز کے دوران ان سے جھوٹ بولا۔

اپنی ٹویٹ میں جیمز فاکنرکا کہنا تھا کہ’میں پاکستانی شائقین کرکٹ سے معذرت خواہ ہوں لیکن بدقسمتی سے مجھے آخری دو میچوں سے الگ ہونا پڑ رہا ہے اور (پی سی بی) کی جانب سے معاہدے کے مطابق ادائیگیاں نہ کیے جانے کی بنا پر (پی ایس ایل) چھوڑ رہا ہوں۔ میں تمام میچوں کے لیے یہاں آیا لیکن وہ میرے ساتھ مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں۔‘

31 سالہ کرکٹر کا کہنا تھا کہ لیگ چھوڑنا ان کے لیے’تکلیف کا سبب ہے کیوں کہ میں عالمی کرکٹ کو پاکستان واپس لانا چاہتا تھا لیکن میرے ساتھ جو سلوک کیا گیا وہ ( پی سی بی) اور (پی ایس ایل) کی جانب سے عزت دینے والا نہیں۔ مجھے یقین ہے کہ آپ سب میرے مؤقف کو سمجھیں گے۔‘

پاکستان کرکٹ بورڈ نے فرنچائز کے فاسٹ بولر کے مؤقف سے اتفاق نہ کرتے ہوئے ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی لیگ کے آئندہ ایڈیشنز پر پابندی لگا دی۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ  دسمبر میں فاکنرکے کنٹریکٹ کے مطابق 70 فیصد ادائیگی ان کے برطانوی بینک اکاؤنٹ کے ذریعے کر دی گئی تھی اور یہ کہ’فاکنرنے اس ادائیگی کی وصولی تسلیم کی تھی۔‘

بورڈ کے مطابق بقیہ 30 فیصد پی ایس ایل ختم ہونے کے 40 دنوں کے اندر کھلاڑیوں کے اکاؤنٹس میں منتقل کیا جاتا ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ فاکنرکے ایجنٹ نے جنوری میں ان کی بینک اکاؤنٹ کی تفصیل پر نظر ثانی کرتے ہوئے آسٹریلوی بینک کا اکاؤنٹ دیا۔

’کرکٹر کا اصرار تھا کہ اسی رقم کی دوسری ڈپلیکیٹ ادائیگی آسٹریلیا میں ان کے اکاؤنٹ میں کی جائے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پی سی بی کا کہنا تھا کہ جمعے کو بات چیت کے دوران فاکنرکے’قابل مذمت اور توہین آمیز رویے‘ کے باوجود بورڈ نے انہیں یقین دلایا کہ ان کی شکایت دور کی جائے گی۔

اس کے باوجود انہوں نے ملتان سلطانز کے خلاف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اہم کھیل سے دست بردارہو کر مطالبہ کیا کہ ان کے لیے فوری طور پر سفری انتظامات کیے جائیں۔

پی سی بی کے مطابق فاکنرنے جان بوجھ کر ہوٹل کی املاک کو نقصان پہنچایا اور آسٹریلیا جانے سے قبل ہوائی اڈے پر نامناسب اختیار کیا اور بدتمیزی کی۔

بورڈ کا کہنا تھا: ’جیمز فاکنرکی سخت بدتمیزی، جو پی سی بی، پاکستان کرکٹ اور پاکستان سپر لیگ کو بدنام کرنے کی کوشش تھی، کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے پی سی بی اور فرنچائزز نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ انہیں مستقبل میں پاکستان سپر لیگ میں شامل نہیں کیا جائے گا۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ