سات سالوں کا انتظار ختم: لاہور قلندرز پہلی مرتبہ پی ایس ایل چیمپیئن

لاہور قلندرز نے دفاعی چیمپئنز ملتان سلطانز کو 42 رنز سے ہرا کر سات سالوں میں پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

27فروری، 2022 کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل سیون کے فائنل میں لاہور قلندرز کے کھلاڑی ملتان سلطانز کے محمد رضوان کے آؤٹ ہونے پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں (اے ایف پی)

لاہور قلندرز نے اتوار کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں دفاعی چیمپئنز ملتان سلطانز کو 42 رنز سے ہرا کر سات سالوں میں پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

آج کھیلے گئے فائنل میں محمد حفیظ کی نصف سنچری کی بدولت لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔ جواب میں ملتان سلطانز کی پوری ٹیم  138 رنزپر ڈھیر ہوگئی ۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کا کوئی بھی بلے باز لاہور قلندرز کے بہترین باؤلنگ اٹیک کے سامنے مزاحمت کرنے میں ناکام رہا۔

کپتان محمد رضوان اور شان مسعود کی ان فارم اوپننگ جوڑی بھی 41 کے مجموعی سکور پر پویلین واپس لوٹ گئی۔

رائیلی روسو اور آصف آفریدی بالترتیب 15 اور ایک سکور بنا کر زمان خان کا شکار بنے۔ عامر عظمت نے چھ رنز بنائے۔

اس موقعے پر ملتان سلطانز کی آدھی ٹیم محض 63 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ چکی تھی۔

ایسے میں ٹم ڈیوڈ نے خوشدل شاہ کے ہمراہ 50 رنز کی شراکت قائم کرکے مزاحمت کی کوشش کی۔ تاہم وہ بھی 27 کے انفرادی سکور پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے۔

شاہین شاہ آفریدی نے اسی اوور میں ڈیوڈ ویلے کو آؤٹ کرکے میچ میں لاہور قلندرز کی گرفت مزید مضبوط کردی۔ حارث رؤف نے بھی اگلے ہی اوور میں خوشدل شاہ کو بولڈ کردیا۔ خوشدل شاہ 32 اور ڈیوڈ ویلے صفر پر آؤٹ ہوئے۔

شاہین شاہ آفریدی نے تین جبکہ محمد حفیظ اور زمان خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ حارث رؤف اور ڈیوڈ ویزے نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو لاہور قلندرز کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام ہوگیا اور محض 25 رنز پر ابتدائی تینوں بلے باز آؤٹ ہوکر پویلین واپس چلے گئے۔

عبداللہ شفیق 14، فخر زمان تین اور ذیشان اشرف نے سات رنز بنائے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایسے میں تجربہ کار محمد حفیظ نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار نصف سنچری سکور کرکے لڑکھڑاتی  بیٹنگ لائن اپ کو سہارا دیا۔ 

انہوں نے کامران غلام اور ہیری بروک کے ہمراہ بالترتیب 54 اور 58رنز کی شراکت قائم کی۔ کامران غلام 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ہیری بروک اور ڈیوڈ ویزے پر مشتمل جوڑی نے اننگز کے آخری دو اوورز میں 40 رنز سکور کرکے ٹیم کا مجموعہ 180 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ہیری بروک نے 22 گیندوں پرناقابل شکست 41 رنز سکور کیے۔ ڈیوڈ ویزے 8 گیندوں پر 28 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے تین، تین چھکے لگائے۔

ملتان سلطانز کے آصف آفریدی نے تین جبکہ شاہنواز دھانی اور ڈیوڈ ویلے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ