ویمنز ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی

میچ کی خاص بات کیوی کھلاڑی سوزی بیٹس کے 126 رنز تھے، جو ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں پانچ ہزار رنز کا ہندسہ پار کرنے والی دنیا کی تیسری خاتون بن گئیں۔

پاکستان کی کپتان بسمہ معروف 26 مارچ 2022 کو کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول  کرکٹ سٹیڈیم میں نیوزی لینڈ  کے ساتھ  ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں شکست کے بعد ردعمل کا اظہار کر رہی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

نیوزی لینڈ نے ہفتے کو خواتین کے کرکٹ ورلڈ کپ میں اپنے آخری میچ میں پاکستان کو 71 رنز سے شکست دے دی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق میچ کی خاص بات کیوی کھلاڑی سوزی بیٹس کے 126 رنز تھے، جو ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں پانچ ہزار رنز کا ہندسہ پار کرنے والی دنیا کی تیسری خاتون بن گئیں۔

بیٹس کی ایک روزہ بین الاقوامی میچز کی یہ 12ویں اور ورلڈ کپ میں ان کی چوتھی سنچری ہے، جس کی بدولت نیوزی لینڈ نے کرائسٹ چرچ میں پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر265 بنا ڈالے۔

نیوزی لینڈ کے 266 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان نو وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز ہی بنا پایا۔

میزبان ملک کی ہننا رو نے 55 رنز دے کر پاکستان کی پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پاکستان کی بولر ندا ڈار نے 10 اوورز میں 39 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں اور بیٹنگ کے شعبے میں بھی ندا ڈار نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 50 رنز بنائے جبکہ کپتان بسمہ معروف نے 38 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

155 رنز تک پاکستان نے تین وکٹ وکٹیں گنوائی تھیں لیکن اس کے بعد پاکستان کی کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر نہیں جم سکی اور اگلی چھ کھلاڑی سکور بورڈ پر محض 39 رنز کا ہی اضافہ کر سکیں۔  

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق یہ دونوں ٹیموں کا ٹورنامنٹ کا آخری میچ تھا اور اس فتح کے باوجود نیوزی لینڈ کی ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی واضح نہیں ہے۔ نیوزی لینڈ کے پاس سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے امکانات محدود ہو گئے ہیں۔

پاکستان کے خلاف فتح نے نیوزی لینڈ کو چھ پوائنٹس تک پہنچا دیا، جو چوتھے نمبر پر موجود انگلینڈ اور بھارت کے برابر ہے لیکن دونوں ٹیموں کا رن ریٹ نیوزی لینڈ سے بہتر ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ