ندا ڈار پاکستان کو 18 میچوں کے بعد پہلی فتح دلانے میں کامیاب

پاکستان ویمن ٹیم کی اس فتح میں دائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والی ندا ڈار کی خطرناک بولنگ نے کلیدی کردار ادا کیا۔

ندا ڈار نے چار اوورز میں 10 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں (اے ایف پی)

پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کی شکستوں کا دراز سلسلہ بالاآخر رک گیا اور 18 میچوں کی مسلسل شکستوں کے بعد ٹیم نے پہلی کامیابی ویسٹ انڈیز کی مضبوط ٹیم کو شکست دے کر حاصل کی ہے۔

پاکستان ویمن ٹیم کی اس فتح میں دائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والی ندا ڈار کی خطرناک بولنگ نے کلیدی کردار ادا کیا۔

ندا ڈار نے صرف 10 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کر کے فتح کی نصف کہانی خود ہی لکھ دی۔

باقی نصف کہانی منیبہ علی اور کپتان بسمہ معروف کی پارٹنرشپ نے پوری کر دی اور مطلوبہ ہدف 90 رنز ایک اوور قبل ہی حاصل کر کے ٹیم کو پہلی جیت کی خوشیاں منانے کا موقع فراہم کر دیا۔

ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم پاکستان کے مقابلے میں کافی مضبوط اور مہارت کی حامل ہے اور حالیہ ورلڈ کپ میں سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہے۔

وہ آج کے میچ سے قبل تین میچ جیت چکی تھی اور اگر آج کا میچ جیت جاتی تو ناک آؤٹ مرحلے پر نشست یقینی ہو جاتی۔

ہملٹن میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور بارش سے متاثر ہونے کے باعث میچ 20 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔

پاکستانی ٹیم جو گذشتہ تمام میچ ہار چکی تھی اس میچ میں نئے جوش اور ولولے کے ساتھ دکھائی دی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستانی بولرز نے متاثر کن بولنگ کی اور کسی بھی مرحلہ پر حریف ٹیم کو بیٹنگ میں سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ پاکستان کی طرف سے فاطمہ ثنا نے بھی اچھی بولنگ کی لیکن کیریبئینز کی صفوں میں صحیح دراڑیں ندا ڈار نے ڈالیں۔

ندا ڈار نے مقررہ چار اوورز میں 10 رنز دے کر چار وکٹیں لے کر فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ ندا ڈار کی یہ کارکردگی حالیہ ورلڈ کپ میں سب سے بہترین بولنگ ہے۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 89 رنز ہی بنا سکی جبکہ ان کے سات کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔

پاکستان نے مقررہ ہدف 18.5 اوورز میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ منیبہ علی نے 37 اور بسمہ معروف نے 20 رنز بنائے۔

پاکستانی خواتین ٹیم نے 2009 کے ورلڈ کپ کے بعد یہ پہلی فتح حاصل کی ہے۔ آخری مرتبہ بھی ویسٹ انڈیز کو شکست دی تھی۔

پاکستان ٹیم اگرچہ ٹورنامنٹ میں ناک آؤٹ مرحلے سے باہر ہوچکی ہے اور پانچ میں سے چار میچ ہار چکی ہے، تاہم آج کی فتح نے ٹیم کا مسلسل شکستوں کا سفر روک دیا ہے اور کپتان بسمہ معروف نے اس جیت کے بعد آئندہ میچوں میں بھی اچھی کارکردگی دکھانے کاعزم ظاہر کیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ