کیا صدرِ پاکستان عارف علوی کا مواخذہ ممکن ہے؟

حزب اختلاف (موجودہ حکومتی جماعتیں) یہ الزام لگاتی رہی ہیں کہ صدر عارف علوی نے آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آرڈیننس کا اجرا کر کے پارلیمان کو بے توقیر کیا ہے۔

تحریک انصاف کی حکومت کو ہٹانے والی جماعتیں اقتدار میں آنے کے بعد اب صدر مملکت عارف علوی کے مواخذے کے لیے کوشاں نظر آ رہی ہیں۔ لیکن کیا صدر کا مواخذہ اتنا ہی آسان ہے؟

حکومت اور اتحادی جماعتوں کو صدر عارف علوی کے مواخذے کے لیے کیا مشکلات درپیش ہیں؟ آئین ریاست کے سربراہ کے مواخذے سے متعلق بڑا واضح ہے۔

آئین کیا کہتا ہے؟

صدر کے مواخذے سے متعلق آئین پاکستان کے آرٹیکل 47 میں تمام تفصیلات دی گئی ہیں جن کے مطابق جسمانی یا دماغی نااہلیت، دستور کی خلاف ورزی یا سنگین بد عنوانی کی بنیاد پر صدر کو عہدے سے برطرف کیا جا سکتا ہے۔

آرٹیکل کے تحت کسی بھی ایوان کے کم از کم نصف ارکان صدر کی برطرفی کے لیے قرارداد سے متعلق نوٹس دیں گے جس میں صدر کے خلاف الزامات کی وضاحت درج ہونا ضروری ہے۔

اگر چیئرمین سینیٹ کو نوٹس موصول ہوتا ہے تو وہ سپیکر کو بھیجا جائے گا اور سپیکر کو نوٹس موصول ہونے کی صورت میں وہ تین دن کےاندر نوٹس کی کاپی صدر کو بھجوائیں گے۔

سپیکر سات دن کے بعد اور 14 دن سے پہلے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس بلانے کا پابند ہوگا۔ اجلاس میں صدر پر لگائے گئے الزامات کا معاملہ زیر بحث آئے گا۔ صدر کو اجلاس میں شرکت کرنے یا نمائندہ بھیجنے کا حق حاصل ہے۔

اگر اجلاس میں پارلیمنٹ کی دو تہائی اکثریت نے قرارداد منظور کر لی تو صدر کو فورا اپنا عہدہ چھوڑنا ہوگا۔

صدر کے خلاف چارج شیٹ

اقتدار کا حصہ بننے والی سیاسی جماعتیں جو پہلے حزب اختلاف میں شامل تھیں صدر عارف علوی سے متعلق گذشتہ چار سالوں سے اپنے تحفظات کا اظہار کرتی آئی ہیں اور یہ دعوی کیا جا رہا ہے کہ صدر کے خلاف چارج شیٹ بہت مضبوط ہے۔

حزب اختلاف (موجودہ حکمراں جماعتیں) یہ دعوی بھی کرتی رہی ہے کہ صدر عارف علوی نے آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آرڈیننس کا اجرا کر کے پارلیمان کو بے توقیر کیا تھا۔ صدر پاکستان پر حالیہ دنوں میں نئے وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کا حلف نہ لینے پر بھی تنقید کی جا رہی ہے۔

پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی کا کہنا ہے کہ ’صدر کی جانب سے نومنتخب وزیراعظم و کابینہ سے حلف نہ لینا، اس کی وجہ بیماری بتا کر اسے ثابت نہ کر پانا، چارج شیٹ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ خود مختار اداروں میں کئی ایسی تقرریاں کیں اور آرڈیننس پاس کیے جو عدالت کی جانب سے کالعدم قرار دیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’جسٹس قاضی فائز عیسی کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان نے خود کہا ریفرنس فائل کرنا ایک غلطی تھی تو یہاں صدر نے کیوں اپنے عمل کے حوالے سے نہیں سوچا؟‘

سینیٹر عرفان صدیقی کہتے ہیں کہ ’صدر کا عہدہ کسی حکومت کا نہیں ریاست کا سب سے اعلی مقام ہے۔ آئین کے مطابق صدر کا اپنے ذاتی مفادات کو سرکاری کام پر حاوی ہونے دینا سنگین بد عنوانی ہے۔ مس کنڈکٹ یہیں سے شروع ہو جاتا ہے جب حلف کی خلاف ورزی کی جائے۔ اگر کل صدر عمران خان کے مشورے کے پابند تھے تو آج شہباز شریف کے مشورے کی پابندی نہ کرنے کی وجہ انہیں بتانی چاہیے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’جب 2018 میں عمران خان اقتدار میں آئے تو اس وقت کے صدر ممنون حسین نے نواز شریف کو اڈیالہ جیل میں ایک پیغام بھیجا کہ حلف برداری ہے تو انہیں اس حوالے سے کیا کرنا چاہیے، جس کے جواب میں نواز شریف نے کہا کہ آئین کے تقاضوں کو پورا کرنا ہوگا۔ جس کے بعد انہوں نے عمران خان سے حلف لیا تھا۔‘

سینیئر صحافی مظہر عباس کہتے ہیں کہ ’صدر مملکت کا وزیراعظم اور کابینہ سے حلف نہ لینا بدنیتی پر مبنی ہے۔ صدر حلف لینے سے انکار نہیں کر سکتے اس لیے انہوں نے بیماری کا عذر پیش کیا اور بعد میں کابینہ سے حلف نہ لینے کی کوئی وجہ تک نہیں بتائی گئی۔‘

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان کہتے ہیں ’صدر کے خلاف کوئی چارج شیٹ نہیں ہے، ان پر لگائے جانے والے الزامات چارج شیٹ نہیں ہوتے۔ صدر کے خلاف الزام بھی نہیں ہے، وہ ایک پروفیشنل آدمی ہیں۔‘

صدر مملکت کی جانب سے مواخذے کے بیانات پر فی الحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

کیا اس وقت صدر کا مواخذہ ممکن ہے؟

تحریک انصاف کے 123 اراکین کے استعفوں کے بعد اس وقت صدر کا مواخذہ ممکن نہیں۔ حکومت اور اتحادی جماعتیں نمبر گیم پوری کرنے کے لیے مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہیں۔ حکومت کا دعوی ہے کہ تحریک انصاف کے بعض ارکان نے دباؤ میں آ کراستعفی دیا ہے۔ ایوان بالا یا سینٹ میں مجموعی طور پر پی ٹی آئی 27 اراکین کے ساتھ سب سے بڑی جماعت ہے۔ اپوزیشن کو دو تہائی اکثریت حاصل کرنے میں مشکل پیش آسکتی ہے۔

سینیٹ اور قومی اسمبلی کے مجموعی اراکین کی تعداد 442 ہے جن میں قومی اسمبلی کے 342 اور سینیٹ کے 100 ارکان شامل ہیں۔ صدر کے مواخذے کے لیے حکمران اتحاد کو ان میں سے کم از کم 295 ارکان کی حمایت درکار ہو گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

راجہ پرویز اشرف نے سپیکر کا حلف اٹھانے کے فوری بعد سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی جانب سے منظور کیے گئے 123 اراکین کے استعفوں کا دوبارہ جائزہ لینے کی رولنگ دی۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق منظور کیے گئے استعفے ڈی سیل کر دیے گئے ہیں، جلد تمام ارکان کو نوٹس جاری کر کے سپیکر کےسامنے پیش ہونے کی ہدایت کی جائے گی۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا ہے کہ وہ تمام استعفوں کا جائزہ خود لیں گے، ارکان سے پوچھا جائےگا کہ انہوں نے کسی دباو میں آ کر استعفے تو نہیں دیے کیوں کہ تمام استعفے ہاتھ سے لکھے ہوئے نہیں ہیں۔ سپیکر نے بتایا ہے کہ استعفوں کی تصدیق کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔

مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ نمبر گیم پوری کرنا بہت مشکل ہے لیکن اگر پی ٹی آئی کے منحرف اراکین مواخذے کا ووٹ دیتے ہیں تو ان پر کوئی آئینی قدغن نہیں لگ سکتی۔

آئینی و پارلیمانی ماہرین کے مطابق صدر کا مواخذہ اس وقت مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔ صدر کے مواخذے کو ممکن بنانے کے لیے دو ہی راستے ہیں۔ ایک یا تو مستعفی ہونے والے 123 اراکین میں سے 50 سے زائد اراکین اپنے استعفے واپس لے کر حکومت کی حمایت کا اعلان کریں یا پھر دوسرا راستہ یہ ہے کہ سپیکر تمام استعفے منظور کرے اور 123 حلقوں پر ضمنی انتخابات کروا کر حکومت اپنے امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنا کر نمبر گیم مکمل کرے۔

صدر کے مواخذہ کے لیے اس وقت کسی مفاہمت اور سیاسی جوڑ توڑ کا کوئی آپشن نہیں بلکہ سارا دار و مدار نمبرز پر ہے۔

مواخذے کا طریقہ کار

۔ مواخذہ شروع کرنے کے لیے سینیٹ یا قومی اسمبلی میں 50 فیصد اکثریت درکار ہوتی ہے۔

۔ صدر کے پاس نوٹس موصول ہونے کے بعد جواب دینے کے لیے تین دن کی مہلت ہوتی ہے۔

۔ الزامات کی تحقیق کے لیے پارلیمان کا مشترکہ اجلاس سات سے 14 دن کے اندر بلایا جاتا ہے۔

۔ مواخذے کی قرارداد کی منظوری کے لیے مشترکہ ایوان میں دو تہائی اکثریت ضروری ہوتی ہے۔

ماضی کے مواخذے

پاکستان کی تاریخ میں کسی صدر کے مواخذے کا اعلان پہلی مرتبہ اگست 2008 میں اس وقت کے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن پر مشتمل چار جماعتی حکومتی اتحاد نے صدر پرویز مشرف پر آئینی خلاف ورزیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کیا تھا۔

یہ اعلان اس وقت پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور میاں نواز شریف نے ایک مشترکہ اخباری کانفرنس میں کیا تھا۔ تاہم وہ کوشش کامیاب نہ ہوئی اور آج تک پاکستان میں کوئی صدر مواخذے کے ذریعے نہیں ہٹایا جاسکا ہے۔

 صدر کے عہدے کی مدت

آئین کے تحت وفاق پاکستان کی علامت صدر مملکت کے عہدے کی مدت پانچ سال ہے اور اس کے لیے کم از کم 45 سال عمر ہونا لازمی ہے۔ صدر بننے کے لیے اس شخص کا مسلمان اور قومی اسمبلی کا رکن منتخب ہونے کا اہل ہونا بھی ضروری ہے۔

آئین کے آرٹیکل 44 اے کے تحت صدر جس دن اپنا عہدہ سنبھالے گا وہ پانچ سال تک اپنے عہدے پر فائز رہے گا اور اپنی میعاد ختم ہونے کے باوجود اپنے جانشین کے عہدہ سنبھالنے تک اس عہدے پر فائز رہے گا۔

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست