مقبوضہ مغربی کنارہ: اسرائیلی فوج کی فائرنگ، دو فلسطینیوں کی اموات

ایک اسرائیلی سکیورٹی عہدے دار نے دعوی کیا ہے کہ ہلاک ہونے والی خاتون نے جنوری میں مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں بھی ایک اسرائیلی پولیس افسر کو چاقو گھونپنے کی کوشش کی تھی جس پر انہیں تین ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا تھا۔

29 مئی 2022 کی اس تصویر میں مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر ہیبرون میں تعینات اسرائیلی فوجیوں کو دیکھا جا سکتا ہے(اے ایف پی)

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے بدھ کو میں فائرنگ کر کے ایک فلسطینی خاتون کو گولی مار کر ہلاک کر دیا جب کہ ایک اور فلسطینی شہری کو اس وقت ہلاک کر دیا گیا جب اسرائیلی فوج ایک مبینہ حملہ آور کا مکان مسمار کرنے جا رہی تھی۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ان کی طرف بڑھنے والی خاتون نے چاقو اٹھا رکھا تھا۔

اسرائیلی فوج نے ایک تصویر جاری کی ہے جس میں دکھائی دینے والی چیز کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ یہ وہ چاقو ہے جو خاتون نے پکڑ رکھا تھا۔

اسرائیلی فوج کے مطابق اس مبینہ حملے کا نشانہ بننے والے فوجی جنوبی مغربی کنارے میں العروب کے پناہ گزین کیمپ کے قریب شاہراہ پر گشت کر رہے تھے۔

دوسری جانب فلسطینی وزارت صحت نے ہلاک ہونے والی خاتون کو غفران وراسنہ کے نام سے شناخت کیا ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ خاتون کو سینے میں گولی ماری گئی۔ فلسطینیوں کے پرزنرز کلب نے کہا ہے کہ 31 سالہ خاتون کو تین ماہ کی قید مکمل ہونے پر اپریل میں اسرائیلی جیل سے رہا کیا گیا تھا۔

ایک اسرائیلی سکیورٹی عہدے دار نے دعوی کیا ہے کہ ہلاک ہونے والی خاتون نے جنوری میں مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں بھی ایک اسرائیلی پولیس افسر کو چاقو گھونپنے کی کوشش کی تھی جس پر انہیں تین ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اسرائیلی عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ خاتون نے بدھ کو اسرائیلی فوجی کو’قریب سے چاقو مارنے کی کوشش کی۔‘ تاہم اس واقعے کی تصدیق کے لیے فوری طور پر کوئی تصویر یا ویڈیو دستیاب نہیں۔

ادھر فلسطینی صحافیوں کی تنظیم کا کہنا ہے کہ وراسنہ 10 سال سے زیادہ عرصے سے وقفے وقفے سے صحافی کے طور پر کام کرتی رہی ہیں۔ الخلیل کے مقامی ڈریم ریڈیو کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جب مذکورہ خاتون کو مارا گیا تو وہ ایک پروگرام میں شرکت کے لیے ان کی سٹوڈیو آ رہی تھیں۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق ایک اور واقعے میں شمالی مغربی کنارے کے قصبے جنین کے قریب ایک فلسطینی کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ تاہم وزارت صحت نے اس حوالے سے مزید تفصیل فراہم نہیں کی۔

اسرائیلی فوجی قریبی گاؤں یابید میں ایک فلسطینی کا مکان گرانے کے لیے آپریشن کر رہے تھے جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انہوں نے مارچ میں بنی براک کے علاقے میں منظم انداز میں پانچ افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

 اس طرح کے آپریشن اکثر فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان تصادم کا سبب بنتے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے واقعے کے حوالے سے تبصرے کے لیے درخواست کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔

جنین تشدد کی حالیہ لہر کا مرکز ہے۔ حالیہ دنوں میں اسرائیل نے فلسطینیوں کے حملوں کے سلسلے میں مغربی کنارے میں تقریباً روزانہ گرفتاریوں کے لیے چھاپے مارے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا