جمہوریہ چیک:سپر سٹورز کو ’غلطی‘ سے سات کروڑ پاؤنڈ کی کوکین سپلائی

ملک بھر کے سپر سٹورز پر کام کرنے والے ملازمین اس وقت حیران رہ گئے جب انہیں کیلوں کے کریٹس کھولنے پر یہ منشیات ملی۔

جمہوریہ چیک کی پولیس نے بتایا کہ منشیات، جس کی مالیت عام مارکیٹ میں چھ کروڑ 80 لاکھ پاؤنڈ تک ہے، کو کیلوں کے ساتھ کیوبز کی شکل میں پیک کیا گیا تھا(فوٹو: بشکریہ جمہوریہ چیک پولیس)

وسطی یورپی ملک جمہوریہ چیک میں کیلوں کے کریٹس سے پولیس نے تقریباً سات کروڑ پاؤنڈ مالیت کی کوکین برآمد کی ہے، جسے ’غلطی‘ سے سپر سٹورز چین کو سپلائی کر دیا گیا تھا۔

ملک بھر کے سپر سٹورز پر کام کرنے والے ملازمین اس وقت حیران رہ گئے جب انہیں کیلوں کے کریٹس کھولنے پر یہ منشیات ملی جس کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ کولمبیا سے پھلوں کے ڈبوں میں چھپا کر ملک میں لائی گئی تھی اور پھر غلطی سے سپر سٹورز کو سپلائی کر دی گئی۔

جمہوریہ چیک کی پولیس نے بتایا کہ منشیات، جس کی مالیت عام مارکیٹ میں چھ کروڑ 80 لاکھ پاؤنڈ تک ہے، کو کیلوں کے ساتھ کیوبز کی شکل میں پیک کیا گیا تھا اور اس کا مجموعی وزن دو ہزار 200 پاؤنڈ ہے۔

ان مشکوک بلاکس کے بارے میں سب سے پہلے سپر مارکیٹ کے ملازمین نے درالحکومت پراگ کے ساتھ ساتھ جسن اور ریچنوف نیڈ نیزنو قصبوں میں پولیس کو مطلع کیا جہنوں نے سراغ رساں کتوں کے ساتھ پولیس یونٹ کو اس کی تحقیق کے لیے روانہ کیا۔

مزید پڑھیے: منشیات سمگل کرنے والی بلی جیل سے 'فرار'

چیک پولیس نے ایک بیان میں کہا: ’معاملے کی مجرمانہ تحقیق سے پتہ چلا کہ منشیات کے اس بیچ کو ملک کے دیگر کئی مقامات پر تقسیم کیا گیا ہے۔ اسی لیے پولیس جمہوریہ چیک کے کسٹم حکام اور دیگر اداروں کے تعاون سے ان جگہوں پر تحقیقات اور اقدامات کر رہی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس تحقیق کو آگے بڑھانے کے لیے اب بین الاقوامی اداروں اور حکام کے ساتھ کام کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا: ’اس سپلائی (منشیات) کی معلومات کا تعلق جمہوریہ چیک کے باہر سے ہے، اس لیے ہم بین الاقوامی پولیس اور عدالتی اداروں سے تعاون کا راستہ اختیار کریں گے۔ یہ کیس نیشنل ڈرگ کنٹرول سینٹر کے حوالے کر دیا گیا ہے جو اب اس کی تحقیقات کرے گا۔ ہم جتنا جلد ممکن ہوا اس بارے میں مزید معلومات فراہم کریں گے۔‘

یہ بھی پڑھیے: منشیات کی سمگلنگ کے لیے گھر میں تیار آبدوز

اقوام متحدہ کے آفس آن ڈرگ اینڈ کرائم کے مطابق کوکین کی پیداوار اس وقت تقریباً بلند ترین سطح پر ہے، جس کی مقدار 2014 اور 2019 کے درمیان دگنا ہو چکی ہے۔ 

اقوام متحدہ کے اس ادارے کی 2021 کی رپورٹ کے مطابق کوکین کی عالمی پیداوار میں کولمبیا کا ایک بڑا حصہ شامل ہے۔

یہ جمہوریہ چیک میں اس طرح کا پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل 2015 میں بھی سٹاف نے ایک سپر مارکیٹ سے 220 پاؤنڈ وزنی کوکین برآمد کی تھی۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا