جرمنی: سکریبل کے پاکستانی کھلاڑی معیز اللہ بیگ کی فتوحات جاری

معیز اللہ بیگ پاکستان سے سکریبل کے عالمی کھلاڑی ہیں اور حال ہی میں انہوں نے جرمنی میں ایک عالمی مقابلہ جیتا ہے۔

سکریبل کے عالمی کھلاڑی اور کراچی سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ معیز اللہ بیگ جرمنی میں زیر تعلیم ہیں لیکن وہاں بھی ان کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے۔

معیز دو سال قبل اعلی تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے جرمنی آئے اور یہاں کی ایک یونیورسٹی میں میٹریل سائنس میں ماسٹرز کے طالب علم ہیں۔

پاکستان میں معیز اللہ این ای ڈی سے فارغ التحصیل ہیں۔

معیز اللہ بیگ نے پچھلے دنوں جرمنی کے شہر برلن میں منعقد ہونے والی سکریبل چیمپئن شپ میں امریکہ سے تعلق رکھنے والے حریف کو 15 میں سے 13 مقابلے جیت کر ہرایا اور یہ چیمپئن شپ اپنے نام کی۔

معیز نے اس کھیل کا آغاز آٹھ سال کی عمر سے اپنے ایک کزن کو دیکھ کر کیا تھا، پھر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ معیز کی دلچسپی اور مہارت اس کھیل میں بڑھتی گئی جس کی بنیاد پر سکول کے ایک استاد نے انھیں باقاعدہ طور پر پاکستان میں موجود تنظیم پاکستان سکریبل ایسوسی ایشن میں شامل ہونے کا مشورہ دیا۔

معیز اب ایک بین الاقوامی سکریبل کے کھلاڑی ہیں جو اب تک نو مختلف ممالک میں 35 ٹورنامنٹ میں 800 بین الاقوامی گیمز کھیل چکے ہیں جن میں پاکستان، برطانیہ، آسٹریلیا، فرانس، جرمنی، متحدہ عرب امارات، ملائیشیا، تھائی لینڈ اور سری لنکا شامل ہیں۔

معیز پہلے پاکستانی ہیں جنھوں نے 2013 میں دبئی، متحدہ عرب امارات میں ورلڈ یوتھ سکریبل چیمپئن شپ جیتی جو کہ ان کی بڑی کامیابیوں میں شامل ہے۔ اس کے علاوہ ان کی دیگر کامیابیوں میں پاکستان سکریبل چیمپئن اور برطانیہ میں 2018 کی ورلڈ جونیئر سکریبل چیمپئن شپ کا ٹائٹل موجود ہے۔

معیز اللہ بیگ کی حالیہ کامیابی کو سراہنے کے لئے انھیں برلن میں موجود پاکستانی سفارت خانے پر بھی مدعو کیا گیا تھا جہاں ان کی ملاقات سفیر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل سے کرائی گئی جنھوں نے معیز کو اعزازی سند سے نوازا۔

سفیر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ معیز اللہ بیگ نے ابھی حال ہی میں برلن میں منعقدہ اسکریبل چیمپئن شپ جیتی ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔ ہماری نوجوان نسل ایک زمانے میں غیر نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔، اسے دوبارہ زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ ایک انتہائی مثبت پیغام ہے ہمارے نوجوانوں کے لیے کہ جس طرح معیز اس کو کر رہے ہیں وہ بھی کریں۔ آگے آنے والے دنوں میں معیز اللہ ورلڈ کپ کھیلنے امریکہ کے شہر شکاگو جارہے ہیں اور اس کے لیے ہم بھرپور طریقے سے ان کا ساتھ دیں گے اور خواہش رکھتے ہیں کہ یہ جیت کر وہاں سے واپس لوٹیں۔

نو جولائی سے امریکہ میں شروع ہونے والی سکریبل ورلڈ کپ کھیلنے اور اسے جیتنے کے لیے مریز اللہ پر عزم ہیں۔

یہ ورلڈ کپ نو جولائی سے 13 جولائی تک شکاگو میں ہوگا۔ معیز اللہ نے اپنے ہم وطنوں سے اپنی جیت کے لئے دعاوں کی درخواست بھی کی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی