شمسی توانائی سے ماہانہ ’لاکھوں پاؤنڈز بچانے والے‘ لبنانی کار مکینک

لبنان میں جاری توانائی کے بحران کے پیش نظر 31 سالہ مکینک احمد الصفدی نے اپنی گاڑی شمسی توانائی پر منتقل کر دی جس سے انہیں ماہانہ لاکھوں لبنانی پاؤنڈز کی بچت ہوتی ہے۔

احمد الصفدی نے لبنان میں جاری توانائی کے بحران اور فیول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر اپنی گاڑی شمسی توانائی پر منتقل کر دی ہے، جس سے انہیں لاکھوں پاؤنڈز کا فائدہ ہو رہا ہے۔

31 سالہ احمد سائیکلوں کی مرمت کا کام کرتے تھے، لیکن ملک کی مجموعی اقتصادی صورت حال نے ان کے گاہکوں میں کافی کمی کر دی۔

یہ وہ وقت تھا جب انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اپنی گاڑی کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا سوچا تاکہ بچت کی جا سکے کیوں کہ ان کے لیے اپنے دو بچوں کے اخراجات اٹھانا مشکل ہوتا جا رہا تھا۔

احمد نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا: ’پہلی بات تو یہ کہ فیول ٹینک کی قیمت سات لاکھ لبنانی پاؤنڈزہو گئی ہے جو ایک ملازم پیشہ شخص کی مہینے بھر کی تنخواہ کے برابر ہے۔ اس لیے میں اندازاً روزانہ کی بنیاد پر دو لاکھ لبنانی پاؤنڈزکی بچت کر رہا ہوں۔ اسی طرح میں ماہانہ بجلی کی مد میں 30 لاکھ لبنانی پاؤنڈز کی بچت کر رہا ہوں۔ میں یہ سب بچا رہا ہوں اور گاڑی سے کئی فوائد حاصل کر رہا ہوں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اپنی گاڑی کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے عمل کے حوالے سے احمد نے بتایا: ’یہ گاڑی فیول پر چلتی تھی۔ میں نے اسے شمسی توانائی پر منتقل کیا ہے۔ یہ بیٹری کی چارجنگ کے حساب سے چلتی ہے۔ میں نے ابھی جو بیٹریاں استعمال کی ہیں وہ موٹر سائیکل کی ہیں اور انہیں چارج رکھنے کے لیے سولر پینل لگایا ہے۔‘

احمد نے کہا: ’میں گاڑی چلاتے ہوئے انہیں چارج کر سکتا ہوں اور وہ مجھے طویل مسافت طے کرواتی ہیں۔ اگر مجھے مزید طویل سفر کرنا ہو تو بڑی بیٹریاں لگا سکتا ہوں۔ لیکن میں یہ تجربہ کر چکا ہوں۔ شہر کے اندر سفر کر سکتا ہوں۔ اس لیے یہ گاڑی میرے لیے ایسے ہی ٹھیک ہے۔‘

ایک مرتبہ گاڑی شمسی توانائی پر منتقل ہوجائے تو اسے کسی خاص تکنیکی دیکھ بھال کی ضرورت نہیں رہتی۔ اس حوالے سے احمد نے بتایا: ’اسے کسی طرح کی تکنیکی دیکھ بھال کی ضرورت نہیں پڑتی۔ نہ ہی تیل تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ زیادہ سے زیادہ بریک کی مرمت کرنی پڑتی ہے۔‘

گاڑی میں نصب بیٹریاں ضرورت سے زائد چارج ہونے کی صورت میں احمد ان کا اضافی استعمال بھی کر لیتے ہیں۔

انہوں نے بتایا: ’کل میں نے گاڑی کا کام ختم کیا اور دکان پر چلا گیا۔ دیکھا تو گاڑی میں اضافی توانائی تھی تو میں نے تار لگا کر سارا دن فریج کو اس پر استعمال کیا۔ کوئی رکاوٹ نہیں آئی۔‘

لبنان میں کئی دہائیوں سے جاری توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے مصر سے گیس اور اردن سے بجلی درآمد کے معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے لیے امریکہ اور اقوام متحدہ کی اجازت کا انتظار ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا