کورین گروپ بھارت کی بجائے گانا شوٹ کرنے پاکستان کیسے آیا؟

کے پاپ کی ویڈیو ’ہٹ دی باس‘ میں پاکستانی عمارتوں اور ٹرک آرٹ کو نمایاں کیا گیا ہے جس پر ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں 50 لاکھ سے زیادہ کامنٹس ملے ہیں۔

دنیا بھر کے لوگ ٹرک آرٹ میں دلچسپی رکھتے ہیں کیونکہ یہ ہماری انفرادیت ہے (تصویر: سکرین گریب، ہٹ دی باس)

کورین پاپ بینڈ بلٹزرز Blitzers کی ایک نئی ویڈیو کے کئی حصے پاکستان کے شہر لاہور میں شوٹ کیے گئے ہیں جس میں قدیم شہر کی بادشاہی مسجد اور فوڈ سٹریٹ کے ساتھ ساتھ ٹرک آرٹ کو بھی دکھایا گیا ہے۔

پاکستان کے ٹرک اپنے منفرد آرٹ کے لیے مشہور ہیں جو شوخ رنگوں سے بنائی گئی جانوروں، مشہور شخصیات، مقامات کی تصاویر اور اقوال پر مبنی ہوتی ہیں۔

اس آرٹ کو بیرون ملک گیلریز میں نمائش کے دوران پذیرائی ملتی ہے اور مغربی ممالک کے سٹورز پر اس کے منی ایچر فروخت ہوتے ہیں جو پاکستان کی سب سے مشہور ثقافتی برآمدات میں سے ایک ہیں۔

حالیہ برسوں میں عالمی ادارے یونیسکو نے پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ میں لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے ٹرک آرٹ کا استعمال کیا ہے۔

عرب نیوز کے مطابق کورین گروپ بلٹزرز ماہر زراعت محمد قمر حیات ٹوانہ اور ان کی اہلیہ اینا ٹم کی مدد سے پاکستان پہنچے۔ یہ جوڑا کورین پاکستانی ہے جو جنوبی کوریا کے ٹی وی پر پاکستان کی باقاعدگی سے نمائندگی کرتے ہیں۔

قمر حیات ٹوانہ نے کہا کہ ان کی اہلیہ ’ٹم نے ہی بینڈ کو پڑوسی ملک بھارت کے بجائے پاکستان میں شوٹنگ کرنے کے لیے راضی کیا۔‘

ٹوانہ نے کہا: ’ان کی واپسی پر میں نے انہیں کچھ تحائف پیش کیے جن میں ہمارا قومی لباس، شلوار قمیض بھی شامل ہے۔‘

پاکستان کے مشہور ٹرک آرٹسٹ حیدر علی نے اپنے گھر کی دیوار پر اس آرٹ کا استعمال کرتے ہوئے امریکی پولیس کے ہاتھوں مارے جانے والے سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کی تصویر بنائی جو دنیا بھر میں وائرل ہو گئی تھی۔

کے پاپ کی ویڈیو ’ہٹ دی باس‘ میں پاکستانی عمارتوں اور ٹرک آرٹ کو نمایاں کیا گیا ہے جس پر ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں 50 لاکھ سے زیادہ کامنٹس ملے ہیں۔ حیدرعلی نے اس ویڈیو کے حوالے سے عرب نیوز کو بتایا کہ ملک کی ثقافتی ورثہ دنیا بھر میں اپنی پہچان بنا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرک آرٹ کو دیگر ثقافتوں کا حصہ بنتے دیکھنا اور دنیا کے مختلف حصوں میں لوگوں کی جانب سے اسے دل سے قبول کرتے دیکھنا بہت اچھا ہے۔

ان کے بقول: ’لوگ مختلف ذرائع سے امن کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

معروف کانٹینٹ کریٹر احمر نقوی نے اس حوالے سے کہا: ’کورین بینڈز فین گروپس اور ان کے پرفارمرز دراصل پورے ملک میں سرگرم ہیں۔‘

ان کے بقول: ’درحقیقت، حالیہ برسوں میں پاکستان میں کے پاپ رجحان نے زور پکڑا ہے، نوجوان پاکستانی کے پاپ تھیم پر مبنی ہینگ آؤٹس اور پارٹیوں کا اہتمام کرتے ہیں اور کورین بوائے بینڈ کے لیے وقف سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر انہیں جوش و خروش کے ساتھ پوسٹ کرتے ہیں۔‘

احمر نقوی نے مزید کہا کہ یہ ویڈیو بہت دلچسپ ہے کیونکہ یہ پہلا موقع ہے جب کورین تخلیق کار پاکستانی ثقافت کے ساتھ جڑے ہوئے نظر آتے ہیں۔

انہوں نے کہا: ’اور ٹرک آرٹ طویل عرصے سے پاکستان کا سب سے کامیاب اور قابل قبول پاپ کلچر بن رہا ہے۔ ہم نے دیکھا ہے کہ یہ بہت سی جگہوں پر پاکستانی ثقافت کی علامت بنتا جا رہا ہے۔ یہ ہر طرح کی مقبول ثقافت میں استعمال ہوتا ہے خاص طور پر عالمی سطح پر۔ ٹرک آرٹ کے لیے یہ ایک اہم چیز ہے۔‘

صحافی اور سماجی کارکن عافیہ سلام نے کہا کہ دنیا بھر کے لوگ ٹرک آرٹ میں دلچسپی رکھتے ہیں کیونکہ یہ ہماری انفرادیت ہے۔

انہوں نے عرب نیوز کو بتایا: ’ثقافتی طور پر، یہ پاکستان کو ایک منفرد مقام دلاتا ہے۔ یہ دیکھنے میں پرکشش ہے اور اسے تخلیقی طور پر دیگر سامان جیسے کھسوں، کوسٹرز، ٹریول بیگز اور اس طرح کے دیگر لوازمات کے ساتھ ڈھال لیا گیا ہے۔ میرا نہیں خیال کہ کوئی دوسرے ملک کے پاس ہمارے جیسے ٹرک آرٹ جیسی چیز ہے۔ لہٰذا کوئی بھی چیز جو پاکستان کے لیے کچھ مثبت پہلو لائے میں اس سے خوش ہوں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی موسیقی