قطر فٹ بال ورلڈ کپ: پاکستانی فوج سکیورٹی سنبھالے گی

پاکستانی کابینہ کے سامنے پیش کی گئی سمری کے مطابق 20 نومبر سے شروع ہونے والے میگا ٹورنامنٹ کی سکیورٹی کے لیے فوجی خدمات کی درخواست قطر کی حکومت نے کی تھی اور پاکستانی فوج نے اس حوالے سے معاہدے کی تجویز دی تھی۔

قطر کے دارالحکومت دوحا میں ایک عمارت پر لگا فٹ بال ورلڈ کپ ٹرافی کا اشتہار (تصویر: اے ایف پی)

پاکستان نے رواں سال قطر میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ میں سکیورٹی کے لیے پاکستانی فوج کی فراہمی کی منظوری دے دی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پیر کو خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ وفاقی کابینہ نے مجوزہ معاہدے کی منظوری دے دی ہے، جو پاکستان اور قطر کے درمیان ہوگا۔ تاحال یہ واضح نہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان معاہدے پر دستخط کب ہوں گے۔

روئٹرز کے مطابق پاکستانی کابینہ کے سامنے پیش کی گئی سمری میں کہا گیا کہ رواں برس 20 نومبر سے شروع ہونے والے میگا ٹورنامنٹ کی سکیورٹی کے لیے قطر کی حکومت نے فوجی خدمات کی درخواست کی تھی اور پاکستانی فوج نے اسی حوالے سے معاہدے کی تجویز دی تھی۔

سمری کے مطابق: ’معاہدے کا مقصد دونوں اطراف کی ذمہ داریوں، مخصوص مہارت اور سکیورٹی اور حفاظتی آپریشنز کے لیے پاکستان سے بھیجے جانے والی فوجیوں کی تعداد کا تعین کرنا ہے۔‘

قطری حکومت کے میڈیا آفس نے تاحال اس حوالے سے جواب نہیں دیا کہ آیا انہوں نے پاکستانی فوج کی خدمات کی گزارش کی تھی اور وہ ٹورنامنٹ کے دوران کس طرح کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کابینہ کے سامنے پیش کی گی سمری میں فوجیوں کی تعداد کا بھی ذکر نہیں۔

دوسری جانب پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف اپنے وزرا کے ساتھ آج بروز منگل قطر کے دو روزہ دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔

وفاقی حکومت کے اعلامیے کے مطابق: ’فریقین باہمی امور بالخصوص توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقعوں پر گفتگو کریں گے۔‘

وزیراعظم شہباز شریف دورے کے دوران دوحہ میں فٹ بال سٹیڈیم کا دورہ بھی کریں گے، جہاں انہیں قطری حکومت کی جانب سے انتظامات پر بریفنگ دی جائے گی۔

دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات دوطرفہ دلچسپی کے تمام شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر قریبی ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔

قطر میں دو لاکھ سے زائد پاکستانی بھی مقیم ہیں جو دونوں برادر ممالک کی ترقی، خوشحالی اور اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ قیادت کی سطح پر باقاعدہ دورے پاکستان اور قطر کی شراکت داری کی پہچان ہیں۔ وزیراعظم کے دورہ قطر سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے اور ان کی بڑھتی ہوئی اقتصادی شراکت داری کو مزید تقویت ملے گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال