شہباز شریف کتنی زبانیں جانتے ہیں؟

حال ہی میں خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقے کے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے جرمنی سے آئے ہوئے سیاحوں کے ساتھ جرمن زبان میں بات کی، اس کے علاوہ بھی وہ متعدد مقامات پر غیر ملکی زبانوں میں گفتگو کرچکے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کے پاس عربی زبان کا باقاعدہ ڈپلومہ بھی ہے، جو انہوں نے مشرف دور کی جلا وطنی کے دوران حاصل کیا تھا (فوٹو: شہباز شریف آفیشل فیس بک پیج)

وزیراعظم پاکستان اور مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر شہباز شریف نے حال ہی میں خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور وہاں موجود جرمنی سے آئے ہوئے سیاحوں کے ساتھ جرمن زبان میں بات کی۔

خواتین سیاحوں نے وزیراعظم کے ساتھ جرمن زبان میں گفتگو کرتے ہوئے حکومتی انتظامات اور ریسکیو آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا۔

پاکستان میں جرمنی کے سفیر نے بھی جرمن زبان میں شہباز شریف کی مہارت کی تعریف کرتے ہوئے ٹویٹ کی: ’میں آپ کی جرمن زبان کی مہارت سے کافی متاثر ہوں!‘

یہ تو ایک سفیر کا ’ڈپلومیٹک‘ ردعمل ہوا، انڈپینڈنٹ اردو نے اسلام آباد میں مقیم ایک جرمن خاتون کو شہباز شریف کا یہ کلپ بھیج کر ان سے پوچھا کہ شہباز شریف کی جرمن کیسی ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ ’ان کا تلفظ بہت زبردست ہے، البتہ جرمن زبان کی مہارت کے بارے میں کچھ کہنا مشکل ہے کیوں کہ وہ اس کلپ میں پورے فقرے بولنے سے گریز کر رہے ہیں۔ اس کلپ سے زبان کی مہارت پر کچھ کہنا مشکل ہے، اگر پوری گفتگو ہوتی تبھی کچھ کہا جا سکتا تھا۔‘ 

 

ماضی میں وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کہہ چکی ہیں کہ شہباز شریف چھ بین الاقوامی زبانیں بول سکتے ہیں۔

نومبر 2021 میں شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے بحرین کے سپیکر کو عربی زبان میں خوش آمدید کہا تھا۔

وزیراعظم کے پاس عربی زبان کا باقاعدہ ڈپلومہ بھی ہے، جو انہوں نے مشرف دور کی جلاوطنی کے دوران حاصل کیا۔

وزیراعظم کے سوشل میڈیا سیل کے سربراہ کے مطابق شہباز شریف پنجابی اور اردو کے ساتھ جرمن، عربی اور انگریزی روانی سے بول سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ وہ ہلکی پھلکی ترکی، چینی، روسی، پشتو اور سندھی بھی بول سکتے ہیں۔

چینی اور ترکی زبانیں انہوں نے 18-2013 کے دوران سیکھیں جب وہ وزیراعلیٰ تھے۔

شہباز شریف نے جولائی 2020 میں ترک زبان میں ایک ٹویٹ بھی کی تھی، جس کا اردو ترجمہ ہے: ’تمام ممالک کا اپنا عدالتی نظام ہے۔ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد اور آیا صوفیہ کو مسجد میں تبدیل کرنا ترکی کا حق ہے۔ مسلم دنیا میں ترکی مذہبی رواداری کی ایک بہترین مثال اور بین المذاہب ہم آہنگی اور مکالمے کا علم بردار ہے۔‘

اور چونکہ شہباز شریف کو سی پیک اور دیگر تجارتی معاملات کے سلسلے میں چین سے آئے وفود کے ساتھ بات چیت کرنی ہوتی تھی، لہذا انہوں نے یہ زبان بھی سیکھنے کی کوشش کی۔

 2013 سے 2018 کے دوران کسی بھی چینی وفد کے ساتھ ملاقات سے ایک ہفتہ قبل شہباز شریف ایک انسٹرکٹر سے باقاعدہ کلاسز لیتے تھے، جن میں چینی زبان اور ان کے معاشرے کے ادب و آداب سیکھنا شامل ہوتا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شہباز شریف 70 اور 80 کی دہائی میں کاروبار کے سلسلے میں جرمنی اور روس جاتے رہے، اس دوران انہوں نے جرمن اور روسی زبان بھی سیکھی۔

انہوں نے نومبر 2014 میں روسی سفیر کے ساتھ ملاقات کے دوران روسی زبان میں گفتگو کر کے مہمانوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا تھا۔

اس موقعے پر روسی سفیر کی جانب سے حیرت کے اظہار پر شہباز شریف نے بتایا کہ انہوں نے سابق سوویت یونین میں وقت گزارا ہے اور اسی عرصے میں روسی زبان سیکھنے کا موقع ملا۔

نومبر 2015 میں شہباز شریف جب وزیراعلیٰ پنجاب تھے تو اس وقت میں بیلا روس کے وزیر صنعت کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں انہوں نے روسی زبان میں گفتگو کی، جس پر وفد کے ارکان نے خوشگوار حیرت کا اظہار کرتے ہوئے شہباز شریف کی روسی زبان پر مہارت اور دسترس کو سراہا تھا۔

شہباز شریف دوسروں کو بھی بین الاقوامی زبانیں سیکھنے کی تلقین کرتے رہےہیں۔ انہوں نے سال 2016 میں ٹویٹ کی تھی: ’اگر آپ کوئی بھی غیر ملکی زبان سیکھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں تو چینی زبان سیکھیں۔ یہ ایک ایسی سرمایہ کاری ہے جس کا فائدہ  آپ کو آنے والے چند  برسوں میں ہو گا۔‘

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل