قطر ورلڈ کپ: عرب فینز کا اسرائیلی صحافیوں کو ’خاموش جواب‘

قطر میں جب فیفا ورلڈ کپ کے دوران فٹ بال کے عرب شائقین کو یہ معلوم ہوا کہ جو صحافی ان سے بات کرنا چاہتے ہیں وہ اسرائیل سے ہیں تو وہ بنا کچھ کہے ہی آگے بڑھ گئے۔

قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ کے دوران فٹ بال کے عرب شائقین کی ایسی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں جن میں وہ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیلی صحافیوں کو نظرانداز کر رہے ہیں۔

اسرائیلی حکام کو امید تھی کہ 2020 میں امریکی ثالثی سے متحدہ عرب امارات، بحرین اور بعد میں سوڈان اور مراکش کے ساتھ تعلقات معمول پر آنے کے بعد سعودی عرب، اور دیگر عرب ممالک کے ساتھ بھی تعلقات معمول پر آ جائیں گے۔

مگر جب فیفا ورلڈ کپ کے دوران قطری شہریوں اور دیگر شائقین کو یہ معلوم ہوا کہ جو صحافی ان سے بات کرنا چاہتے ہیں وہ اسرائیل سے ہیں تو انہوں نے فوراً انکار کر دیا۔

لندن کی ایک آن لائن نیوزویب سائٹ مڈل ایسٹ آئی کے مطابق آن لائن گردش کرنے والی ویڈیو میں دو سعودی شائقین، ایک قطری خریدار اور تین لبنانی فٹ بال فینز کو اسرائیلی صحافیوں سے دور جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

جبکہ دیگر نے بائیکاٹ کرتے ہوئے اسرائیلی صحافیوں کے پیچھے فلسطینی پرچم لہرایا۔

لبنانی ٹی وی المنار کے مطابق قطر میں ’اسرائیلی چینل کے نامہ نگار نے اتوار کی شب بتایا کہ جب لبنانی نوجوانوں کو یہ علم ہوا کہ وہ اسرائیلی میڈیا سے ہیں، تو وہ غصے میں آگئے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی صحافی نے کہا کہ ’میں اسرائیل سے ہوں‘، تو لبنانی شائقین یہ کہتے ہوئے دور چلے گئے کہ ’آپ یہاں ہیں کیوں؟‘

اسرائیلی صحافی نے جب لبنانی مداح سے مزید بات کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے دور جاتے ہوئے کچھ اس انداز میں جواب دیا: ’اسرائیل نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ یہ فلسطین ہے۔ اسرائیل کا کوئی وجود نہیں ہے۔‘

ابوظہبی کی ایک آن لائن نیوز ویب سائٹ دی نیشنل نیوز کے مطابق ایک اور ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک اسرائیلی رپورٹر بظاہر ایک مصری مداح کو تلاش کرتا ہے جو بات کرنے کے لیے تیار ہو۔

رپورٹر مائیک میں کہتا ہے، ’ہم ایک ساتھ ہیں، ہم خوش ہیں۔‘

صحافی مائیک کو مصری شخص کے قریب لے گیا تو مداح نے مسکراتے ہوئے کہا: ’فلسطین زندہ باد۔‘

(ترجمہ: العاص)

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل