انڈیا: آٹھ سالہ بچہ دو دنوں سے کنویں میں قید

لڑکا چھ دسمبر کی شام پانچ بجے کے قریب کھیلتے ہوئے کنویں میں گرا تھا اور تقریبا 55 فٹ کی گہرائی پر پھنسا ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق بچہ 55 فٹ کی گہرائی پر پھنسا ہوا ہے (اے این آئی)

انڈیا کی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک آٹھ سالہ بچہ 400 فٹ گہرے بورویل (تنگ کنویں) میں گرگیا جس کو بچانے کی کوششیں دو دنوں سے جا رہی ہیں۔

پولیس نے نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کو بتایا کہ یہ واقعہ مدھیہ پردیش کے ضلع بیتل میں پیش آیا۔ لڑکے کی شناخت تنمے ساہوکے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس سٹیشن کے انچارج انیل سونی نے بتایا کہ بچہ کھیت میں کھیل رہا تھا جب وہ بورویل میں گر گیا، اس کنویں کو حال ہی میں کھودا گیا تھا۔

لڑکا چھ دسمبر کی شام پانچ بجے کے قریب کھیلتے ہوئے کنویں میں گرا تھا اور تقریبا 55 فٹ کی گہرائی پر پھنسا ہوا ہے۔

انڈین ویب سائٹ اے این آئی کے مطابق لڑکے کے باپ سنیل سہو نے بتایا کہ ’میری 12 سالہ بیٹی نے بچے کو گرتے دیکھا اور آ کر مجھے بتایا۔

’ہم فوراَ جائے حادثہ پر پہنچے، وہ سانس لے رہا تھا، اور ہم نے اس کی آواز سنی تھی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ریسکیو آپریشن چھ دسمبر کی شام چھ بجے شروع کیا گیا۔‘

ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیموں کو ریاستی دارالحکومت بھوپال اور شہر ہوشانگا آباد سے روانہ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (اے ڈی ایم) شیامندر جیسوال نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ ’اطلاع ملنے کے بعد سے ہی ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ بچے کو باہر نکالنے کی کوششیں جا رہی ہے۔ رات کے ڈھائی بجے سٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف)، ہوم گارڈس اور پولیس کی ٹیمیں بچے کو بچانے کے لیے موقع پر پہنچ چکی تھیں۔‘

انہوں نے کہا، ہوسکتا ہے کہ لڑکا بے ہوش ہو گیا ہو کیونکہ وہ ’جواب نہیں دے رہا تھا۔ اس میں مزید دو سے تین گھنٹے لگ سکتے ہیں۔‘

ریاست کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے مقامی حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ بچے کو بچائیں۔

شیوراج سنگھ چوہان نے ٹویٹ کیا، ’بیتل کے آتھنر بلاک کے مانڈوی گاؤں میں ایک آٹھ سالہ بچے کے بورویل میں گرنے کا واقعہ افسوسناک ہے۔ میں نے مقامی انتظامیہ کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ میں انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں۔ ریسکیو ٹیم بچے کو بحفاظت بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ میں اس معصوم کی سلامتی کے لیے دعا گو ہوں۔‘

دی انڈپینڈنٹ کے مطابق مٹی ہٹانے والی مشینیں لائی گئی ہیں اور لڑکے کو آکسیجن فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ سال دسمبر میں بھی مدھیہ پردیش کے ضلع چترپور میں ایک بورویل سے ایک سال کی بچی کو نکالا گیا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا