پشاور زلمی سعودی عرب میں قومی ٹیم سے میچ کھیلے گی: جاوید آفریدی

جاوید آفریدی نے بتایا کہ انہوں نے شہزادہ سعود بن مشعل سے پشاور زلمی اور سعودی قومی کرکٹ ٹیم کے درمیان مقابلے کے امکان پر تبادلہ خیال کیا۔

26 جنوری 2023 کو پاکستان سپر لیگ ٹیم پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی (دائیں) ریاض، سعودی عرب میں سعودی کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل کو پشاور زلمی کی شرٹ پیش کر رہے ہیں (@JAfridi10/Twitter)

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے ریاض میں سعودی کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ ان کی ٹیم سعودی عرب کا دورہ کرے گی اور وہاں کی قومی ٹیم کے ساتھ کھیلے گی۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف اقتصادی، دفاعی اور کھیلوں کے تعلقات ہیں۔ رواں ماہ پاکستان ویمنز فٹ بال ٹیم نے سعودی عرب میں چار ملکی بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تھا جس میں پاکستانی ٹیم رنر اپ رہی تھی۔

جاوید آفریدی نے عرب نیوز کو بتایا کہ انہوں نے شہزادہ سعود سے پشاور زلمی اور سعودی قومی کرکٹ ٹیم کے درمیان مقابلے کے امکان پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں زلمی کی ٹیم سعودی ٹیم کے ساتھ کھیلے گی۔

اکتوبر 2022 میں مملکت سعودی عرب نے وژن 2030 پروگرام کے تحت افتتاحی سعودی قومی کھیلوں کا آغاز کیا، جس کا مقصد کھلاڑیوں کو اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کرنے، کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنے اور بڑے ایونٹس کی میزبانی میں عالمی سطح پر مملکت کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا۔

 چھ ہزار سے زائد ایتھلیٹس نے 45 کھیلوں میں حصہ لیا، جن میں پیرالمپکس کھیلوں کے لیے وقف پانچ کھیل بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سعودی عرب میں 20 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں اور یہ پاکستان میں غیر ملکی ترسیلات زر کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔ ان میں سے اکثریت کا تعلق پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا سے ہے۔

جاوید آفریدی نے سعودی کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین کو پاکستان میں پی ایس ایل کے میچز دیکھنے کی دعوت بھی دی۔

پشاور زلمی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’ملاقات میں باہمی دلچسپی خصوصاً پاکستان سعودی کرکٹ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

’جاوید آفریدی نے شہزادہ سعود بن مشعل کو سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے لیے پشاور زلمی کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ