شاہین آفریدی کو ’سب سے کول‘ سسر مل گئے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا نکاح ٹوئٹر پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔

جمعے کو شاہین آفریدی کے نکاح کی تقریب میں معروف کھلاڑیوں اور اداکاروں نے شرکت کی (تصویر: فیضان لاکھانی)

پاکستان کرکٹ کے سٹار بولر شاہین شاہ آفریدی کا نکاح جمعے کو مایہ ناز سابق کرکٹر شاہد آفریدی کی صاحبزادی سے ہو گیا ہے۔

کراچی میں منعقدہ نکاح کی تقریب میں بڑی تعداد میں کھلاڑیوں اور میڈیا انڈسٹری سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، شاداب خان، محمد حفیظ، سرفراز احمد، نسیم شاہ اور میر حمزہ تقریب میں دکھائی دیے۔

سکوائش کے سابق سٹار جہانگیر خان اور معروف اداکار عدنان صدیقی بھی تقریب میں مدعو تھے۔

وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے، جو بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کھیلنے میں مصروف ہیں، شاہین شاہ آفریدی کو ویڈیو پیغام کے ذریعے نکاح کی مبارک باد دی۔

 شاہین آفریدی کے ساتھ لاہور قلندرز کے رکن اور ان دنوں بی پی ایل کھیل رہے حارث رؤف نے ویڈیو پیغام کے ذریعے مبارک باد دی اور کہا ’میں اس تقریب میں تو نہیں آ سکوں گا مگر واپس آ کر پاکستان سپر لیگ کے دوران دوبارہ اس کا جشن منائیں گے۔‘

کرکٹ شائقین بھی سوشل میڈیا پر شاہین آفریدی کو مبارک باد دے رہے ہیں اور اس وقت شاہین ٹوئٹر پر ٹرینڈ کر رہے ہیں۔

ٹوئٹر صارف سلیمان رضا نے ایک تصویر شیئر کی جس میں شاہین آفریدی، شاہد آفریدی اور شاہین آفریدی کے بھائی دکھائی دے رہے ہیں۔

 کچھ ٹوئٹر صارف فوٹو شوٹ پر تنقید کرتے ہوئے مشورے دے رہے ہیں کہ فوٹو شوٹ کیسے ہونا چاہیے تھا۔ نور نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ نسیم شاہ اور شاداب کو پیچھے کھڑا کرتے۔

ایک اور ویڈیو میں شاہین شاہ آفریدی شاداب سے ملتے ہوئے کہہ رہے ہیں ’دباؤ تھا اندر۔‘

ماہم گیلانی نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا شاہین آفریدی کو ’کوولسٹ سسر‘ مل گئے۔

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ