سوشل میڈیا پر ’کول اور فیشن ایبل‘ اسسٹنٹ کمشنر کے چرچے

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے امید بھی ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ بیوروکریسی میں ایک اچھا اضافہ ثابت ہوں گے۔

نارتھ ناظم آباد میں بطور اسسٹنٹ کمشنر تعینات ہونے والے حاذم بنگوار (ٹوئٹر، حاذم بنگوار)

پاکستان میں عام طور پر بیوروکریٹس کو سخت گیر شخصیت کا حامل سمجھا جاتا ہے مگر ان دنوں سوشل میڈیا پر ایک ایسے اسسٹنٹ کمشنر کا چرچا ہے جن کی شخصیت اور انداز ’روایتی مردوں‘ سے بالکل مختلف ہے۔

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں حال ہی میں بطور اسسٹنٹ کمشنر تعینات ہونے والے حاذم بنگوار کو ان کے منفرد سٹائل اور فیشن ڈیزائننگ، مارکیٹنگ اور قانون کی تعلیم کے امتزاج کی وجہ سے نہ صرف بہت سراہا جا رہا ہے بلکہ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے امید بھی ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ بیوروکریسی میں ایک اچھا اضافہ ثابت ہوں گے۔

یکم فروری کو حاذم بنگور نے انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے لکھا: ’نارتھ ناظم آباد، نئے اسسٹنٹ کمشنر کے طور پر یہاں فرائض سرانجام دینا میرے لیے قابل فخر ہے۔‘

سوشل میڈیا صارف اے جے بلوچ کی طرف سے شیئر ہونے والی تفصیلات کے مطابق حاذم 30 دسمبر 1993 کو کراچی میں پیدا ہوئے تاہم کم عمری میں ہی وہ امریکہ کے شہر نیویارک چلے گئے، بعد ازاں وہ پاکستان لوٹے اور تین سال پاکستان میں بِتانے کے بعد اعلیٰ تعلیم کے لیے لندن چلے گئے اور چھ سال وہیں مقیم رہے۔

’حاذم نے لندن کی یونیورسٹی سے ڈیزائننگ اور مارکیٹنگ میں ڈگری حاصل کی اور بعد ازاں یونیورسٹی آف لندن سے ایل ایل بی بھی کیا۔ 2018 میں انہوں نے پرووینشل مینجمنٹ سروسز (پی ایم ایس) کے امتحانات میں کامیابی حاصل کی اور حال ہی میں اسسٹنٹ کراچی تعینات ہوئے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین حاذم بنگوار کے منفرد انداز، فیشن کے ذوق اور بیوروکریٹس کی روایتی تعلیم سے ہٹ کر تعلیمی قابلیت پر انہیں داد و تحسین سے نواز رہے ہیں۔

ایک انسٹاگرام صارف نے حاذم بنگوار کی بطور اسسٹنٹ کمشنر تعیناتی کی خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا: ’ سخت گیر مردوں کے روایتی، زہریلی تاثر کو توڑنے والے، بادشاہوں کی طرح زندگی گزارنے، متاثر کن شخصیت اور اس سے کہیں بڑھ کر۔‘

ٹوئٹر صارف حمزہ نے حاذم بنگوار کی تصاویر شیئر کیں اور تحریر کیا کہ ’نارتھ ناظم آباد کراچی کے کول، سٹائلش اور فیشن ایبل اسسٹنٹ کمشنر سے ملیے۔‘

سلمان اُپل نے لکھا: ’دقیانوسی تصورات کو توڑتے ہوئے۔‘

انسٹاگرام یوزر وہاب نے تحریر کیا: ’ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ اور قابل انسان، میں بہت خوش ہوں کہ حاذم کو اسسٹنت کمشنر تعینات کیا گیا۔‘

نارتھ ناظم آباد کے اسسٹنٹ کمشنر حاذم بنگوار گلوکاری کے میدان میں بھی لوہا منوا چکے ہیں۔ 2019 میں حاذم کا پہلا گانا ’حرام‘ ریلیز ہوا جس نے ایک ہفتے میں انٹرنیشنل میوزک چارٹس کی ٹاپ پوزیشنز میں جگہ بنا لی۔ ’حرام‘ جنوبی کوریا میں پانچویں، ہنگری میں پہلے، مصر میں دوسرے اور بھارت میں پانچویں نمبر پر رہا۔

ان ریکارڈز کے ساتھ حاذم کو انگریزی گلوکاری کے انٹرنیشنل چارٹس میں جگہ بنانے والے پہلے پاکستانی بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔

2021 میں حاذم کا پہلا اردو گانا ’تجھ کو بھلایا‘ ریلیز ہوا۔ جب کہ گذشتہ برس یعنی 2022 میں ان کا پہلا میوزک البم ’پلیئنگ ود فائر‘ ریلیز ہوا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ