ٹانک: شاہد آفریدی نے دس سال سے بند لائبریری کھول دی

آفریدی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ انہوں نے پہل کی اور ایک اچھا منصوبہ بنایا۔ ’میں سب سے درخواست کروں گا کہ تعلیم کی حمایت کریں کیونکہ پاکستان کو اس کی سخت ضرورت ہے۔‘

صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں کرکٹ سٹار شاہد آفریدی کی بدولت ایک دہائی سے زائد عرصے سے بند عوامی لائبریری پھر سے فعال ہو گئی ہے۔

عرب نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق شاہد آفریدی نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ تعلیمی شعبے کے فروغ کے لیے اسے پہلا قدم سمجھ کر اس کام کی حمایت کریں۔

یہ لائبریری 1970 کی دہائی میں جنوبی وزیرستان کے کنارے پر واقع ٹانک میں قائم کی گئی تھی۔ تاہم یہ لائبریری تقریباً 15 سال تک بند رہی کیونکہ مقامی انتظامیہ کے پاس اس کی دیکھ بھال کے لیے وسائل کی کمی تھی۔

اسے فعال کرنے کے منصوبے کو شاہد آفریدی نے اپنے ذمے لیا، جن کی فلاحی تنظیم نے آخرکار دوبارہ بحال کر دیا۔

آفریدی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ انہوں نے پہل کی اور ایک اچھا منصوبہ بنایا۔ ’میں سب سے درخواست کروں گا کہ تعلیم کی حمایت کریں کیونکہ پاکستان کو اس کی سخت ضرورت ہے۔‘

تقریباً چار لاکھ آبادی پر مشتمل ٹانک نے ستمبر 2001 میں افغانستان پر امریکی قیادت میں حملے کے بعد سے عسکریت پسند گروپوں اور پاکستانی سکیورٹی فورسز کے درمیان برسوں کی لڑائی دیکھی۔

تشدد نے علاقے میں رہنے والے سینکڑوں خاندانوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جو طویل عرصے تک اندرونی طور پر بے گھر رہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ تعلیم کسی ملک کی ترقی اور ترقی کے لیے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی فلاحی تنظیم اس کے فروغ کے لیے انتھک محنت کر رہی ہے۔

’مرد اور خواتین طلبا کے لیے لائبریری کی تعمیر نو کرنا ایک بہت بڑا اقدام تھا کیونکہ اس کے لیے ہمیں کتابیں فراہم کرنے اور ایک مناسب جگہ تعمیر کرنے کی ضرورت تھی جہاں لوگ آ کر مطالعہ کر سکیں۔‘

آفریدی نے 2020 میں عرب نیوز سے گفتگو میں اس منصوبے کو شروع کرنے کا وعدہ کیا تھا جب مسمار شدہ لائبریری کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔

اس اعلان کے دو ہفتے سے بھی کم عرصے بعد انہوں نے تزئین و آرائش کے کام کا افتتاح کرنے کے لیے ٹانک کا دورہ کیا تھا ۔

علاقے کے ایک نجی سکول میں پڑھانے والے شکیل احمد نے کہا کہ لائبریری جانے والے لوگ شاہد آفریدی کے مقروض ہیں جنہوں نے ’قابل ستائش کام‘ کیا۔

انہوں نے کہا کہ لائبریری کی عمارت خستہ حال تھی اور لوگ یہاں پر کوڑا پھینکنے لگے تھے۔ تاہم اب طلبا، اساتذہ اور دیگر شہری یہاں آ کر اخبارات اور کتابیں پڑھ سکتے ہیں۔

آفریدی لوگوں کو کھیلوں کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ٹانک میں کرکٹ اکیڈمی قائم کرنے کا بھی منصوبہ بنا رہے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان