شہباز شریف آسٹریا پہنچ گئے، دوطرفہ سطح پر ملاقاتیں کریں گے

وزیراعظم شہباز شریف کا ویانا کا یہ دورہ تین دہائیوں سے زائد عرصے میں کسی پاکستانی وزیراعظم کا آسٹریا کا پہلا دورہ ہے، اس سے قبل آخری دورہ اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے 1992 میں کیا تھا۔

15 فروری 2026 کو ویانا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا (اے پی پی) 

پاکستان وزیراعظم محمد شہباز شریف آسٹرین چانسلر کرسچن سٹوکر کی دعوت پر دو روزہ دورے پر اتوار کو آسٹریا پہنچ گئے جہاں وہ دوطرفہ اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں کریں گے۔ 

سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق ویانا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ آسٹرین مسلح افواج کے ایک دستے نے انہیں سلامی دی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا ویانا کا یہ دورہ تین دہائیوں سے زائد عرصے میں کسی پاکستانی وزیراعظم کا آسٹریا کا پہلا دورہ ہے، اس سے قبل آخری دورہ اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے 1992 میں کیا تھا۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی پاکستانی وفد میں شامل ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف آسٹرین چانسلر کرسچن سٹوکر کے ساتھ دوطرفہ اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور آسٹرین چانسلر دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے سرکردہ تاجروں کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ وزیراعظم ’پاکستان-آسٹریا بزنس فورم‘ میں شرکت اور خطاب کریں گے۔

شہباز شریف ویانا میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ’پائیدار ترقی، عالمی امن اور خوشحالی کا راستہ‘ کے موضوع پر منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں شرکت اور خطاب کریں گے۔ وہ عالمی ایٹمی توانائی  ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل سے بھی ملاقات کریں گے۔

15 فروری کو جاری ہونے والے پاکستانی دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 70 سال مکمل ہونے کی نشاندہی کرتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اور آسٹریا کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ تعلقات ہیں، جن کی بنیاد بات چیت، تعاون، اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں پر مبنی بین الاقوامی نظام، کثیرالجہتی اور بین الاقوامی قانون کے احترام کی مشترکہ اقدار پر ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان